مری میں 2 بسیں ندی میں گر گئیں 15 لاشیں نکال لی گئیں مزید کی تلاش جاری

2 مسافر بسیں خراب موسم اور کم روشنی کے باعث آپس میں ٹکرا کر 30 فٹ اونچائی سے ندی میں جاگریں

زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں پمز اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ریسکیو اہلکار فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
سالگراں کے مقام پر 2 بسیں ندی میں گرنے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے جس میں سے 15 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ مزید کی تلاش جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ سالگراں کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب 2 مسافر بسیں خراب موسم اور کم روشنی کے باعث آپس میں ٹکرا کر 30 فٹ اونچائی سے ندی میں جاگریں، ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ندی سے نکالنے کے لئے کارروائیوں کا آغاز کردیا، ریسکیو کے اہلکار اب تک 15 لاشوں کو نکال چکے ہیں جب کہ مزید لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم بھاری مشینری نہ ہونے اور کم روشنی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔


ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ندی سے نکالے جانے والے زخمیوں کی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے جن کو علاج کے لئے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ کے مطابق اسپتال میں 26 زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں 6 خواتین اور 20 مرد شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہباز شریف نے چیف سیکریٹری پنجاب سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
Load Next Story