رمیز راجہ نے مصباح کوغریب آدمی کا دھونی قرار دیدیا

مزاج بدلنا چاہیے،محتاط انداز چھوڑیں جدید سوچ اپنائیں،سابق کپتان

ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاک بھارت مقابلے شامل کرنے چاہئیں،سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

رمیز راجہ نے مصباح الحق کو غریب آدمی کا دھونی قرار دے دیا۔

ایک یوٹیوب انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ سابق بھارتی کپتان کے چہرے پر کوئی تاثرات نہیں ہوتے تھے، جذبات کا اظہار بھی سامنے نہیں آتا تھا، مصباح الحق بھی اسی طرح کا مزاج رکھتے ہیں، میں ان کو غریب آدمی کا دھونی کہوں گا مگر بطور ہیڈ کوچ ان کو اپنا مزاج بدلنا ہوگا، جارحیت ہمارے کرکٹرز کے ڈی این اے میں ہے۔


انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے مصباح الحق کو بھی جدید سوچ اپنانا ہوگی، بعض اوقات وہ بہت زیادہ محتاط نظر آتے ہیں، ہمارے پاس ٹیلنٹ موجود ہے تو پھر خوف کس بات کا ہے، رمیز راجہ نے ہر ٹور کی ضرورت کے مطابق کوچ کی تقرری کا مشورہ بھی دیا، انھوں نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے سائیکل میں پاک بھارت مقابلے شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

رمیز نے کہا کہ پہلے دورانیے کی پاک بھارت مقابلوں کے بغیر کوئی وقعت ہی نہیں تھی، دیگرٹیموں نے بھی برابر میچز نہیں کھیلے، پوائنٹس سسٹم بھی درست نہیں تھا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے الگ سے 3 ماہ کی ونڈو ہونا چاہیے جس میں تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے، اگلے دورانیے میں ایونٹ کے دوران دوسری کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں ہونا چاہیے، اسی سے ہی طویل فارمیٹ کی مقبولیت بڑھے گی اور اسپانسرز بھی متوجہ ہوں گے۔

رمیز راجہ نے پاکستان ٹیم کی دیار غیر میں مایوس کن پرفارمنس پر بھی افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیرملکی ٹور کی تیاری 6 ماہ قبل سے کرنا چاہیے۔
Load Next Story