پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو ذبح کردیا فردوس عاشق

پیپلز پارٹی کی جمہوریت کا ڈرامہ حلیم عادل کی گرفتاری پر بے نقاب ہوچکا،کراچی میں حلیم عادل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس


Staff Reporter March 21, 2021
پیپلز پارٹی کی جمہوریت کا ڈرامہ حلیم عادل کی گرفتاری پر بے نقاب ہوچکا،کراچی میں حلیم عادل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس (فوٹو : فائل)

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ہاتھوں قربانی سے قبل ہی پی ڈی ایم ذبح ہوچکی، پیپلز پارٹی کی جمہوریت کا ڈرامہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بے نقاب ہوچکا ہے۔

یہ بات انہوں نے حلیم عادل شیخ کے بچوں اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے جناح ہسپتال میں حلیم عادل شیخ سے ملاقات اور عیادت کی، ملاقات میں انہوں نے پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان اور دیگر ان کے ہمراہ تھے

پریس کانفرنس میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی معاونت سے حلیم عادل شیخ کے پاس کراچی آئی ہوں حلیم عادل شیخ بہادری کے ساتھ عمران خان کا بیانیہ لے کر چل رہے ہیں میں حلیم عادل شیخ کو انکی جرات اور بہادری پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

پیپلزپارٹی نے اقتدار کے حصول کے لیے جمہوریت کی اداکاری کی، پیپلز پارٹی کی جمہوریت کا ڈرامہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بے نقاب ہو چکا، جو حق کے لیے کھڑے ہوتے ہیں ان کے لیے مشکلات بھی آتی ہیں، سندھ کے نادانوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ حلیم عادل شیخ پر من گھڑت مقدمات قائم کر کے وہ حلیم عادل شیخ کو آکسیجن دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قانون کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے، پی ڈی ایم کا بھی یہی ایجنڈا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان یکجا ہیں بلکہ ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو جیل میں ڈالنے والے جان لیں کہ وہ حماقت کررہے ہیں، انتقامی کارروائیوں سے پی ٹی آئی کے رہنما و کارکنان مرعوب نہیں ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایک سرکس لگا ہوا ہے، زرداری اور ان کے درباری اور ن لیگ کے حواری عمران خان کو گھر بھیجنے کے لیے بغلیں بجا رہے تھے اب ان کی خود کی بغلیں بج گئیں، پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی قربانی کردی، پیپلز پارٹی کے ہاتھوں قربانی سے پہلے پی ڈی ایم کی قربانی ہوچکی ہے پی ڈی ایم ذبح ہونے کے بعد پہلے خود کو زندہ کرے بعد میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو گرانے کی بات کرے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب میں بہت مضبوط ہیں انہیں ہٹانے کا راستہ اسمبلی سے گزرتا ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اسمبلی کے راستے سے اگر بزدار کو ہٹا سکتے ہیں تو شوق پورا کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں