پاکستان ٹیم جنوبی افریقی چیلنج سے نمٹنے کیلیے تیار ہے شاداب خان

پروٹیز دیس میں پرفارم کرنا کبھی بھی آسان نہیں رہا، نائب کپتان


Sports Desk March 22, 2021
پروٹیز دیس میں پرفارم کرنا کبھی بھی آسان نہیں رہا، نائب کپتان

نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پروٹیز دیس میں پرفارم کرنا کبھی بھی آسان نہیں رہا، ٹور کیلیے بھرپور تیاری جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ون ڈے اور ٹی 20 نائب کپتان شاداب خان نے ورچیوئل پریس کانفرنس کے دوران دورہ جنوبی افریقہ کو چیلنج قرار دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنر میں پرفارم کرنا کبھی آسنان نہیں رہا، دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اچھی تیاری جاری ہے، پروٹیز خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جاری تربیتی کیمپ کے حوالے سے شاداب خان کا کہنا تھا کہ چونکہ ہم زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے بعد سے ون ڈے نہیں کھیلے اس لیے اس فارمیٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

شاداب خان نے کہا کہ گذشتہ 2 ٹریننگ سیشن کافی اچھے رہے، سب نے خوب انجوائے بھی کیا، 2 پریکٹس میچز میں تیاریوں کو بھی جانچیں گے۔ اپنی پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ انجریز کی وجہ سے کارکردگی میں کچھ مسائل ضرور آئے مگر اب مکمل فٹ ہوں، شاداب نے موقف اختیار کیا کہ میں بولنگ آل راونڈر کے طور پر ٹیم میں آیا، بیٹنگ اضافی خوبی ہے، جس کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہا ہوں، شاداب خان کے مطابق چیمپئپنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کے ساتھ دوسرے مقابلوں میں بھی کارکردگی دکھائی ہے۔ ڈریسنگ روم کے ماحول سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم منفی چیزوں پر بات ہی نہیں کرتے بلکہ ہر معاملے پر ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ہم مثبت چیزوں کو مدنظر رکھتے ہیں، ایسے میں ہنسی مذاق بھی چلتا رہتا ہے، ڈریسنگ روم میں کسی بھی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں، سب ایک دوسرے کو مکمل طور پر سپورٹ کرتے ہیں۔ میچ فکسنگ میں پابندی کی سزا بھگت کر ٹیم میں واپس لوٹنے والے شرجیل خان کے بارے میں شداب کا کہنا تھا کہ اوپنر اپنی سزا پوری اور ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے واپس آئے ہیں، وہ کیمپ میں سخت محنت کررہے ہیں جوکہ اچھی بات ہے، یقین ہے کہ ان کی واپسی سے ٹیم کا کمبی نیشن مزید مضبوط ہوگا اور وہ جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شاداب خان نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہاور ہٹر کا بہت اہم رول اور شرجیل اس حوالے سے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ ٹیم میں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے کی فضا سے متعلق شاداب خان نے کہاکہ عثمان قادر، زاہد محمود، محمد نواز اور میرے درمیان صحت مند مقابلہ ہے، ہر کسی کوٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لییکارکردگی دکھانا ہوگی، مسلسل بائیوببل میں رہتے ہوئے کرکٹ کھیلنے کے سوال پر نائب کپتان کا کہنا تھا کہ بائیوسیکیور ماحول میں رہتے ہوئے کرکٹ کھیلنا کافی مشکل ہے مگر اب ہم اس کے عادی ہوچکے ہیں۔ اس وقت ہماری ٹیم میں ہر جگہ پر بیک اپ تیار ہو گیا ہے جو کہ ٹیم کے لیے اچھی چیزہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ میں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کھیلنے کے بعد زمبابوے میں بھی مکمل سیریز کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں