منوج واجپائی اور کنگنا نے بہترین اداکار واداکارہ کا قومی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی آخری فلم ’’چھچھورے‘‘ بہترین فلم کا نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب


ویب ڈیسک March 22, 2021
منوج واجپائی اور کنگنا رناوت اس سے پہلے بھی نیشنل ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں

بھارت کی جانب سے منوج واجپائی کو بہترین اداکار اور کنگنا رناوت کو بہترین اداکارہ کے لیے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں پھیلنے والی کورونا وبا کی وجہ سے بھارت کے 67ویں نیشنل ایوارڈز کی تقریب منعقد نہیں ہوسکی تھی جو بھارتی وزارت اطلاعات کی جانب سے آج منعقد کی گئی اور اس میں بہترین فنکاروں سمیت بہترین فلمز کے ایوارڈز بھی دیے گئے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے اداکار منوج واجپائی کو بہترین اداکار کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کو یہ ایوارڈ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بھونسلے' میں ان کی جاندار اداکاری کے لیے دیا گیا۔

بھارتی حکومت نے بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ کنگنا رناوت کو دیا۔ انہیں یہ ایوارڈ دو فلموں کے لیے دیا گیا۔ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ''مانیکرنیکا؛ دی کوئین آف جھانسی'' اور 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم ''پنگا'' میں کنگنا کی جاندار اداکاری کی وجہ سے انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔

دوسری جانب آنجہانی بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی میں ریلیز ہونے والی ان کی آخری فلم ''چھچھورے'' بہترین فلم کا نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اس فلم میں سشانت سنگھ راجپوت کے مدمقابل شردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ فلم میں اداکار ورون شرما بھی شامل تھے۔

واضح رہے بھارت کے نامور اداکار منوج واجپائی اس سے قبل بھی نیشنل ایوارڈ سمیت بھارت کا سب سے بڑا سویلین اعزاز پدما شری بھی حاصل کرچکے ہیں جب کہ کنگنا رناوت کو بھی نینشل ایوارڈ اور پدما شری سے نوازا جاچکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں