کورونا سے ملک میں مزید 72 افراد جاں بحق 3270 نئے کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 34ہزار535 ہے، این سی او سی


ویب ڈیسک March 23, 2021
ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 33 ہزار741 ہوگئی فوٹو: فائل

کورونا وبا نے مزید 72 افراد کی جان لے لی ہے جب کہ ملک بھر میں مزید 3270 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے گزشتہ روز 39 ہزار 742 ٹیسٹ کئے گئے ، اس طرح اب تک ملک میں اس وبا کی تشخیص کے لیے کئے گئے ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 98 لاکھ 57 ہزار 233 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے مزید 3 ہزار 270 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر نے پنجاب اور اسلام آباد کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ پنجاب میں مصدقہ مریضوں کی ترداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 464، پنجاب میں 2 لاکھ 969، خیبر پختونخوا 80 ہزار 519،بلوچستان 19 ہزار 347، اسلام آباد میں 52 ہزار 676، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 792 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 974 ہوچکی ہے۔

کورونا نے ملک میں مزید 72 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے ہیں، جس کے بعد اس وبا سے ملک میں 13 ہزار 935 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا ہے جہاں 6 ہزار 39 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں،اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 479، خیبر پختونخوا 2 ہزار 225، اسلام آباد میں 548، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 203 اور آزاد کشمیر میں 338 افراد اس وائرس کی زد میں آکر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 733 مریضوں نے اس وبا کو شکست دے دی ہے، اس کے بعد اب اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 271 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 535 ہے جن میں سے 2 ہزار 485 کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |