وزیراعظم اور صدر مملکت کا یوم پاکستان پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے، عمران خان


ویب ڈیسک March 23, 2021
ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان پر کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے ''اتحاد، ایمان اور تنظیم'' کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج ہمیں کورونا وباء کا سامنا کرنے کے لئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، انشاءﷲ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں بھی سرخرو ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بدترین ریاستی جبر کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، ہم اپنے ملک میں جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، کشمیریوں کو بدترین جبر اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے ، اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں