نائیجر میں مسلح موٹرسائیکل سواروں کا گاؤں پر حملہ 137 افراد ہلاک

15 مارچ کو بھی اسی علاقے میں مسلح افراد نے ایک مسافر بس پر حملہ کرکے 66 افراد کو قتل کردیا تھا


ویب ڈیسک March 23, 2021
حملہ آوروں نے اناج کے ذخیرے کو بھی آگ لگادی، فوٹو : فائل

افریقی ملک نائیجر میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے متعدد گاؤں میں حملہ کرکے دیہاتیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 137 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک نائیجر میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے مالی کی سرحد کے قریبی دیہاتوں انٹازیین ، بیکورٹ اور وستانے میں داخل ہوکر چاروں اطراف گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں 137 افراد ہلاک ہوگئے۔

حکومت کے ترجمان زکریا عبدالرحمان نے سرکاری ٹیلی ویژن پر اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد اب شہری آبادی کو منظم طریقے سے اہداف بنا کر حملے کر رہے ہیں جو قتل عام کے بعد لوگوں کے گھر لُوٹ کر چلے جاتے ہیں۔

رواں ماہ کی 15 تاریخ کو بھی مسلح افراد نے تلبیری کے علاقے میں بنی بنگو کے بازار قصبے سے خریداروں کو لے جانے والی ایک بس پر حملہ کر کے 66 افراد کو قتل کردیا تھا اور پھر ڈیری ڈے گاؤں پر حملہ کرکے اناج کی دکانوں کو نذر آتش کردیا تھا۔

دریں اثنا 15 مارچ کو داعش نے نائیجر، برکینا فاسو اور مالی کے سرحدی علاقوں میں حملے کرکے 33 فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر فوجیوں کا تعلق مالی سے تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں