اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے شیخ رشید

ن لیگ نیب پیشی پر حکومت کو نہیں بلکہ پی پی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک March 24, 2021
ن لیگ نیب پیشی پر حکومت کو نہیں بلکہ پی پی کو طاقت دکھانا چاہتی ہے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے اور مریم نواز کی نیب پیشی پر ن لیگ حکومت کو نہیں بلکہ پی پی کو طاقت کا مظاہرہ دکھانا چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ہم نےپنجاب حکومت کی درخواست پر رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، یہ صوبائی مسئلہ ہے، اسلام آباد آتے تو ہمارا مسئلہ ہوتا، ن لیگ اپنے ہی گھر اور اکھاڑے میں پاور شو اور دنگل کرنے جارہی ہے، گزشتہ پیشی پر میڈیا نے ان کی گاڑیوں میں پتھروں کے ڈھیر دکھائے، یہ عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو شو آف پاور دکھانا چاہتے ہیں، اپوزیشن عمران خان کے لیے بہتری کے راستے بناتی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی اور کارکنوں کو کہہ رہی ہیں کہ آگے آئیں، حالانکہ اصلی سیاست دان تو عوام کی ڈھال ہوتا ہے، عوام کو ڈھال نہیں بناتا، کسی نے شرارت نہیں کی تو قانون حرکت میں نہیں آئے گا، یہ مجھ سمیت تمام عوام کو بیوقوف بناکر باہر گئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاہور کا خاندان سلیکٹڈ ہے یا پیپلزپارٹی کا، ایک دوسرےپر سب کیس ان لوگوں نے خود بنائےہیں،عمران خان نے تو صرف تڑکا لگایا اور ایک آدھ کیس بنایا ہے، حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں جب تک بندہ مرتا نہیں کیس ختم نہیں ہوتا۔

پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کے نام بتانے پر 500 روپے انعام

شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین ن کا ہوگا یا پیپلزپارٹی سے مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتاہے، ان کی سیاست خلا میں لٹ رہی ہے، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، 11 پارٹیوں کے کوئی نام بتادے، 500 روپے انعام دوں گا، یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں، ایک ایک ن لیگ اور پی پی کی جبکہ جے یو آئی کی آدھی پارٹی ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لاہور والوں کو بتارہا ہوں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں 12 سے 14 فیصد کورونا ہو چکاہے، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ریڈ الرٹ ہے ، میں کسی کو ڈرا نہیں رہا ہوں۔

چینی کورونا ویکسین کیخلاف عالمی سازش

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ کورونا سے بچنے کےلیے ہم سب کو ماسک پہننے چاہئیں، میں نے ویکسین اس لیے لگوائی کیونکہ چینی ویکسین کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی تھی، اسپتال میں جاکر اس لیے لگوائی کیونکہ لوگ اسپتالوں پر باتیں کررہے ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں کورونا کی پہلی دو لہروں سے بھی بچایا، انشاء اللہ تیسری سے بھی بچائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں