وزیراعظم ہائوس میں اجلاس مشرف کیس طالبان مذاکرات پرغور

وزیرداخلہ کی کراچی آپریشن کے تیسرے مرحلے، وزیرپٹرولیم کی گیس قلت پر بریفنگ

وزیرداخلہ کی کراچی آپریشن کے تیسرے مرحلے، وزیرپٹرولیم کی گیس قلت پر بریفنگ

پرویزمشرف کیس ،طالبان سے مذاکرات ،کراچی آپریشن، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد ، گیس کی قلت اور مہنگائی ایسے اہم ترین مسائل پر غوروخوض کیلیے وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت بدھ کے روز وزیراعظم ہائوس میں ان کی منی کیبنٹ کا اجلاس ہوا ۔

جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید، وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے انتہائی قابل اعتماد رفقاء کیساتھ مشوروں میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ہونیوالی پیشرفت اور بات چیت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ مذاکرات ان کا پہلا اور آپریشن آخری آپشن ہے۔




انھوں نے واضح کیاکہ وہ مولانا سمیع الحق سمیت اس حوالے سے مثبت سوچ رکھنے والوں کی کوششوں کا خیرمقدم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے کراچی میں جاری آپریشن کا تیسرا اور سخت ترین مرحلہ شروع کیے جانے کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اس مرحلے کے آغاز سے قبل ہی حکومت کو سیاسی اعتبار سے مختلف حلقوں کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا مگر ملک میں امن وامان کی مکمل بحالی اور صنعتی واقتصادی ترقی کے عظیم سفر کے آغاز کرنے کے لیے یہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں پر واضح کیا کہ وہ ملک کی تعمیروترقی کے فقیدالمثال سفر پر گامزن کرنیکا تہیہ کئے ہوئے ہیں اور اس عظیم مقصد کیلئے ہمیں سیاسی مصلحتوں کو پس پشت ڈالنا ہوگا اور وہ اس کیلیے تیار ہیں۔ اجلاس بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے نکات پر بھی غور کیاگیا۔گھریلو صارفین کو قدرتی گیس کی فراہمی میں پائی جانے والے مسائل کے حوالے سے وزیرپٹرولیم وقدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے شرکا کو اپنے موقف سے آگاہ کیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story