کویت میں سماجی فاصلے پر نظر رکھنے والے ’واکنگ الرٹ ڈرون‘ کا استعمال

کویت میں کورونا کرفیو کے دوران 6 بجے سے 8 بجے تک چہل قدمی کی اجازت ہے


ویب ڈیسک March 24, 2021
کویت میں کرفیو کے دوران 6 سے 8 بجے تک چہل قدمی کی اجازت ہے، فوٹو: فائل

کویت میں کووڈ ایس او پیز کے تحت 3 سے 6 فٹ کے سماجی فاصلے کی شرط پر عمل درآمد کرانے کے لیے واکنگ الرٹ ڈرون استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں کورونا وبا کی تازہ لہر سے نمٹنے کے لیے جزوی کرفیو نافذ ہے جس کے دوران صرف دو گھنٹے چہل قدمی کے لیے وقفہ دیا جا رہا ہے تاہم پیدل چلنے کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

چہل قدمی کے اوقات کار کے دوران فضا میں ڈرون بھی پرواز کر رہے ہوں گے جو شہریوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی تنبیہ کرتے رہیں گے۔ جیسے ہی دو اشخاص کے درمیان فاصلہ تین فٹ سے کم ہوگا ڈرون ''الرٹ بیل'' بجا کر خبردار کرے گا۔

ڈرون واکنگ الرٹ کے استعمال کا فیصلہ رواں ہفتے کے آغاز سے کورونا کرفیو کو شام 6 بجے سے صبح 5 بجے تک محدود کرنے اور شام 6 سے 8 بجے تک دو گھنٹے چہل قدمی کی اجازت کے بعد کیا گیا۔

نئی ایس او پیز کے تحت کویت میں کرفیو کے اوقات کار کے درمیان بھی شام 6 سے رات 10 تک ریسٹورینٹس کو ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔

چہل قدمی کے دوران سائیکل، موٹر سائیکل، کار یا کسی بھی قسم کی گاڑی چلانے پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔ کویت میں کورونا سے 1 ہزار 2 سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں