بڑی اننگزسے خرم پردباؤکمسنچری مکمل نہ کرنے پرمایوس

آج پہلا گھنٹہ کافی اہم ہوگا،وکٹ میں سیمرزکیلیے مددموجود ہے، پاکستانی اوپنر


AFP/Sports Desk January 09, 2014
خرم منظور دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 73 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔فوٹو:اے ایف پی

دبئی ٹیسٹ میں بڑی اننگز سے پاکستانی اوپنر خرم منظور پر سے دبائو کم ہو گیا، البتہ انھوں نے سنچری مکمل نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، اوپنرنے کہا کہ جمعرات کو پہلا گھنٹہ ہمارے لیے کافی اہم ہوگا، وکٹ میں سیمرز کیلیے کافی مدد موجود ہے۔

خرم منظور دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 73 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ ہمارے لیے جمعرات کو صبح کے سیشن کا پہلا گھنٹہ کافی اہم ہوگا، اس میں ہم حریف سائیڈ کو دبائو میں لاسکتے ہیں، خرم نے کہا کہ وکٹ میں سیمرز کیلیے مدد موجود لہذا ٹاس کا کردار اہم تھا، پہلے بولنگ سے سری لنکا نے کافی فائدہ اٹھایا، یہاں پر پہلے روز بیٹنگ آسان نہیں تھی مگر مثبت انداز میں کھیلتے ہوئے کافی رنز بنائے جاسکتے ہیں۔اس میچ سے قبل ناقص فارم کے باعث خرم منظور کو ڈراپ کرنے کی باتیں ہورہی تھیں لیکن انھوں نے وقتی طور پر بظاہر اپنی جگہ محفوظ بنالی۔



اس بارے میں اوپنر نے کہنا ہے کہ مجھے سنچری نہ کرنے پر افسوس تو ہوا مگر اس بات سے خوش ہوں کہ کچھ رنز بنانے میں کامیاب رہا، میں نے کافی محنت کی جو رنگ لائی ہے، میں بطور اوپنر ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرنے کیلیے پوری کوشش کررہا ہوں، مجھے یقین ہے کہ سخت محنت کی وجہ سے مجھے مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی، میں اپنی راہ میں آنے والے تمام مواقعوں کو دونوں ہاتھوں سے تھامنے کیلیے بیتاب ہوں۔ دوسری جانب تین وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر نوان پرادیپ کی گذشتہ برس جنوری کے بعد اب ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، انھوں نے کہاکہ میں کافی عرصے بعد ٹیم میں لوٹا، اس عرصے میں کلب لیول پر کافی محنت کی اور پھر اے سائیڈ کے ساتھ بھی اچھی کارکردگی دکھائی، یہی تجربہ اب میرے کام آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔