سڈنی ٹینس 300ویں فتح نے کیوٹوا کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

بیتھنی میٹک سینڈز کی کمر جواب دے گئی، میڈیسن کیز نے فائنل فور میں جگہ بنالی،مینز میں آندریس سیپی اور بینٹیو ناکام


Sports Desk/AFP January 09, 2014
سڈنی انٹرنیشنل ٹینس، ویمنزسنگلزکوارٹر فائنل میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا ہموطن لوسیا سفارووا کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں، انھوں نے یہ مقابلہ جیت لیا ۔ فوٹو : اےایف پی

سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا کیریئر کی 300 ویں فتح حاصل کرتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل ٹینس کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، انھوں نے لوسیا سفارووا کو مات دی۔

گذشتہ دن ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن اگنیسکا ریڈوانسکا کو اپ سیٹ شکست دینے والی امریکی کوالیفائر بیتھنی میٹک سینڈز کی کمر جواب دے گئی،ان کے ریٹائرڈ ہونے پر ان کی ہموطن میڈیسن کیز نے فائنل فور میں جگہ بنالی، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ ڈیل پوٹرو اور راڈک اسٹیپنک نے کوارٹر فائنلز میں قدم رکھ دیے، آندریس سیپی اور جولین بینٹیو کی کہانی دوسرے رائونڈ میں ختم ہوگئی، دوسری جانب ہوبارٹ ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ سمانتھا اسٹوسر نے فرنچ حریف کرسٹینا میلوینووک اور کرسٹین فلپکنز نے آسٹریلین پلیئر اسٹروم سینڈرز کو زیر کرلیا، آکلینڈ میں ڈیوڈ فیرر نے بمشکل تمام ڈونالڈ ینگ کو قابو کیا، کویونگ کلاسک میں نیشکوری اور بریڈیچ نے ابتدائی میچز جیت لیے۔تفصیلات کے مطابق سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا نے کیریئر کی 300 ویں فتح حاصل کرتے ہوئے سڈنی انٹرنیشنل ٹینس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے کوارٹرفائنل میں ہموطن جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کو7-6(7/4) اور 6-2 سے ہرایا، حیرت انگیز طور پر دونوں پلیئرز بائیں ہاتھ سے کھیلتی ہیں، پیٹراکیوٹوا کو اب فائنل میں پہنچنے کیلیے بلغارین پلیئر سویٹانا پرنکووا کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے دوسرے رائونڈ8 مقابلے میں سارا ایرانی کی پیشقدمی ختم کی۔

2010 میں ومبلڈن کی سیمی فائنلسٹ پرنکووا نے تھرڈ سیڈ سارا کو 7-6(7/2) اور6-3 سے ہرا کر اپ سیٹ کردیا، میڈیسن کیز نے اسپین کی کارلا سواریز نیوارو کو6-2،6-4 سے مات دیکر فائنل فور میں جگہ بنائی۔



میٹک سینڈز نے اپنی دستبرداری کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کمر کی تکلیف کو زیادہ خراب ہونے سے بچانے اورآئندہ ہفتے آسٹریلین اوپن کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے یہ فیصلہ کیا، میرے لیے خود کو فٹ رکھنا سب سے اہم ہے۔مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے فرنچ حریف نکولس مہاٹ پر1-6،6-3 اور6-4 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا، جہاں پر جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک ان کے منتظر ہوں گے، اسٹیپنک نے اسپینش حریف البرٹو راموس کو6-2،7-6(7/5) سے قابو کیا، آسٹریلیا کے مارینکو میٹسووک نے تھرڈ سیڈ اطالوی پلیئر آندریس سیپی کو6-3 اور6-4 سے زیرکرلیا،6 سیڈ جولین بینیٹو کا قصہ یوکرینی پلیئر سرگئی اسٹوہوسکی کے ہاتھوں 6-3 اور6-2 سے تمام ہوگیا۔

فورتھ سیڈ روسی پلیئر دیمیتری ترسنوف نے لوکاس روسول کو 3-6،6-3 اور6-3 سے جبکہ برنارڈ ٹومک نے سلواکین حریف بلیز کیوسک کو 6-3،4-6 اور6-4 سے ٹھکانے لگایا، الیگزینڈر ڈولگوپولوف نے سیکنڈ سیڈ جیری جینووچ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-2 سے مات دی،7سیڈکروشیا کے مارن کلک کا سفر بھی دوسرے رائونڈ تک محدود رہا، انھیں ازبک کھلاڑی ڈینس استومن نے6-3 اور6-4 سے ہرایا۔ دوسری جانب ہوبارٹ ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ سمانتھا اسٹوسر نے فرنچ حریف کرسٹینا میلوینووک اور کرسٹین فلپکنز نے آسٹریلین پلیئر اسٹروم سینڈرز کو زیر کرلیا، جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پولووا نے چینی حریف ژینگ شوئی کو مات دے کر کوارٹر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا، تھرڈ سیڈ الینا ویسنینا کو اسپین کی ایسٹریلا سیبازا سینڈیلا نے ہرایا۔آکلینڈ اے ٹی پی میں ٹاپ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے بمشکل تمام امریکن کوالیفائر ڈونالڈ ینگ کو قابو کیا، سیکنڈ سیڈ ٹامی ہاس کو دوسرے امریکی کھلاڑی جیک سوک نے ٹھکانے لگایا، جون اسنر نے لوکاس لیکو پر غلبہ پالیا، فلپ کوہل شریبر نے ہوراسیو زیبالوس کو زیر کیا، فرنچ پلیئر بینوئٹ پائر کو روبرٹو بوٹیسٹا اگٹ کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔میلبورن میں شروع ہونے والے کویونگ کلاسک ٹینس کے پہلے رائونڈ میں ٹوماس بریڈیچ نے فرنانڈو ورڈاسکو کو مات دی، جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے گریگور دیمتروف کو زیر کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔