پریمیئر فٹبالایئرفورس غیرملکی پلیئرز کھلانے کی خواہاں

کارکردگی ماضی کے مقابلے میں اس بارقدرے بہتررہی،ٹائٹل پرنظریں مرکوز ہیں، منیجر


Sports Desk January 09, 2014
کارکردگی ماضی کے مقابلے میں اس بارقدرے بہتررہی،ٹائٹل پرنظریں مرکوز ہیں، منیجر ۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایئرفورس فٹبال ٹیم کے منیجر نے کے ای ایس سی کی تقلید کرتے ہوئے آئندہ پریمیئر لیگ میں غیرملکی پلیئرزکو شامل کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

ارشد خان کا کہنا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی لیگ میں ہماری کارکردگی ماضی کے مقابلے میں اس بار قدرے بہترہے، گذشتہ مقابلوں میں ہم نے پانچویں پوزیشن پائی تھی مگر اس بار ٹائٹل پر نظریں مرکوز ہیں،کے آرایل، کے ای ایس سی اور واپڈا کی موجودگی میں ہمیں بہترین حریف تصور کیا جا رہا ہے۔ ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ جاری پریمیئر لیگ میں بھی غیرملکی پلیئرز کو شامل کرتے۔



اس مقصد کیلیے ہم نے پائلٹ کی ٹریننگ کیلیے رسالپور بیس آنے والے بحرین، سعودی عرب اور نائیجیریا کے کچھ پلیئرز کو ٹیم کا حصہ بنانے کی کوشش بھی کی مگر ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں آڑے آگئیں، اس لیے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ معاہدے نہیں کیے گئے،آئندہ سیزن میںغیرملکی پلیئرز کو ٹیم کا حصہ بنانے کی سنجیدہ کوششیں کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایئرفورس کے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر شاہد ندیم نے فٹبال ٹیم کو پاکستانی کی ٹاپ ٹیموں میں شامل کرنے کیلیے بے پناہ مدد فراہم کی،2011 کے سیزن میں ہم صرف بہترکھیل کے لیے میدان میں اترتے تھے اور اس بار 14 ٹیموں میں سے 7 ویں پوزیشن حاصل کی، جاری ایونٹ میں پی اے ایف سائیڈ حریف ٹیموں کیلیے بڑا خطرہ تصور کی جاتی ہے اور ہماری نظریں ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔ یاد رہے پریمیئر فٹبال لیگ کے رواں سیزن میں کے ای ایس سی کی جانب سے کھیلنے والے نائیجیرین پلیئر ابایومی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں