سنجے لیلا بھنسالی اور عالیہ بھٹ پر ہتک عزت کا مقدمہ

عالیہ بھٹ اور سنجے لیلا بھنسالی کو 21 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے

ہتک عزت کا مقدمہ بابو راؤجی شاہ نامی شخص نے دائر نے کیا ہے جو گنگو بائی کاٹھیاواڑی کا لے پالک بیٹا ہونے کا دعویدار ہے فوٹوفائل

KARACHI:
بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی، عالیہ بھٹ اور دو مصنفین پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے اداکارہ عالیہ بھٹ، فلمساز سنجے لیلا بھنسالی اور دو مصنفین کو فلم ''گنگو بائی کاٹھیا واڑی'' سے منسلک ایک مجرمانہ ہتک عزت کے معاملے میں سمن جاری کیا ہے۔ جس میں انہیں 21 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہتک عزت کا مقدمہ بابو راؤجی شاہ نامی شخص نے دائر کیا ہے جو گنگو بائی کاٹھیاواڑی کا لے پالک بیٹا ہونے کا دعویدار ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی فلم کے ہدایت کار اور عالیہ بھٹ مرکزی اداکارہ ہیں۔ اور یہ فلم مصنف حسین زیدی کی کتاب ''مافیا کوئین آف ممبئی'' کے ایک باب پر مبنی ہے جو کہ گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی زندگی پر مشتمل ہے۔

بابوراؤ جی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کتاب میں گنگو بائی کاٹھیاواڑی پر موجود ابواب میں ان کی منہ بولی والدہ کو بدنام کیا گیا ہے، ان کی ساکھ کو داغدار کیا گیا ہے اور ان کی والدہ کی رازداری اور عزت نفس کے حق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔


چونکہ یہ فلم سنجے لیلا بھنسالی کی ہے اور اس میں کاٹھیاواڑی کا کردار عالیہ بھٹ نے ادا کیا ہے اور اس فلم کی کہانی حسین زیدی کی کتاب سے لی گئی ہے اسلیے فلم کے ہدایت کار اور اداکارہ پر بھی ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ شاہ (کاٹھیاواڑی کے لے پالک بیٹے) نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فلم حقائق پر مبنی نہیں ہے اور اس میں ان کے خاندان کو بدنام کیا گیا ہے۔

بابو راؤجی شاہ نے اس سے قبل ممبئی کی سول عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں اس نے کتاب کے مصنفین کے خلاف کتاب شائع کرنے سے روکنے کا حکم مانگاتھا اور عدالت سے استدعا کی تھی کی فلم کے ٹریلرز اور پروموز کو نشر نہ کیا جائے۔ تاہم اسے عدالت سے خارج کردیا گیا تھا۔ اس مقدمے کی برطرفی کے بعد اہل خانہ کو بدنام کرنے پر شاہ نے مصنفین اور فلمساز کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست کی تھی۔

شاہ کی شکایت کے بعد ممبئی کی مجسٹریٹ عدالت نے عالیہ بھٹ، سنجے لیلا بھنسالی اور مصنفین کو 21 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ''گنگوبائی کاٹھیاواڑی'' رواں سال 30 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں عالیہ بھٹ کے علاوہ اجے دیوگن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
Load Next Story