پولیس سے بھتہ مانگنے پر خاتون صحافی کے خلاف مقدمہ درج

بھتہ نہ ملا تو نوکری سے برطرف کرادوں گی، پہلے بھی کئی اہلکاروں کو برطرف کرایا ہے، خاتون کی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل


Staff Reporter March 25, 2021
بھتہ نہ ملا تو نوکری سے برطرف کرادوں گی، پہلے بھی کئی اہلکاروں کو برطرف کرایا ہے، خاتون کی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل

MULTAN: پولیس سے بھتہ طلب کرنے پر خاتون صحافی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سرسید ٹاؤن شمشاد چاچڑ نے بتایا کہ پولیس اہلکار شیخ تیمور کی مدعیت میں خاتون صحافی ثانیہ شاہ رخ کے خلاف مقدمہ نمبر 246 سال 2021ء بجرم دفعات 384 ، 385 ، انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے اور 25 ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق خاتون صحافی نے مدعی مقدمہ پولیس اہل کار شیخ تیمور کو فون کر کے 10 ہزار روپے بھتہ طلب کیا اور نہ دینے پر مبینہ طور پر تصاویر اخبار اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں، فون کال کے دوران ملزمہ کا کہنا تھا کہ اگر مجھے بھتہ نہ دیا تو نوکری سے برطرف کرا دوں گی، میں نے پہلے بھی بہت اہل کاروں کو برطرف کرایا ہے۔

مدعی مقدمہ نے بیان دیا ہے کہ ملزمہ ثانیہ نے فون کال پر کہا کہ آپس میں مل کر تم 10 ہزار روپے ایزی پیسہ سے بھجواؤ، میرا اسی نمبر پر اکاؤنٹ بنا ہوا ہے جبکہ ہر ہفتے تم تینوں مجھے 10 ہزار روپے ہفتہ مجھے گھر بھجوایا کرو۔

ایس ایچ او سرسید ٹاؤن نے بتایا کہ مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے، ملزمہ کی گرفتاری کے لیے پولیس نے اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر سے فرار ہوگئی، پولیس ملزمہ کی گرفتاری کے لیے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر چھاپے مار رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں