عوام پر مزید 700 ارب کا بوجھ وفاقی حکومت کو بجلی مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا

حکومت کو سرچارج کے نام پر فی یونٹ ایک روپیہ 40 پیسے بجلی مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا


Staff Reporter March 25, 2021
حکومت کو سرچارج کے نام پر فی یونٹ ایک روپیہ 40 پیسے بجلی مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا (فوٹو : فائل)

حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد بھی بجلی مہنگی کرنے کا اختیار حاصل کرلیا جس کے بعد حکومت علیحدہ سے بجلی مہنگی کرکے عوام پر 700 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال سکے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نیپرا ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کردیے۔ اب بجلی صارفین 700 ارب روپے سے زائد مالیت کے اضافی بوجھ کے لیے تیار ہوجائیں کیوں کہ نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کا اطلاق کردیا گیا۔ اب وفاقی حکومت کو اضافی سرچارج کے ذریعے بجلی مزید مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔

ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے حکومت کو ایک روپے 40 پیسے فی یونٹ تک سرچارج لگانے کا اختیار ملا ہے، حکومت کے پاس آئندہ دو سال میں بجلی ساڑھے پانچ روپے تک علیحدہ سے مہنگی کرنے کا اختیار حاصل ہوگیا، حکومت اب بجلی کی قیمت کا 10 فیصد تک سرچارج عائد کرسکے گی۔

آرڈیننس کے مطابق ڈسکوز کی ریونیو ضروریات کے 10 فیصد تک سرچارج عائد ہوسکے گا جس کے تحت عوام پر سرچارج کی مد میں 150 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ بجلی سسٹم کو سالانہ 1400 ارب روپے کا ریونیو درکار ہے، حکومت نے سرکلر ڈیٹ کے حل کے لیے سرچارج لگانا ضروری قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔