پاک بھارت باہمی مقابلوں پرپیش رفت نہ ہوسکی

رواں برس کسی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے،بھارتی کرکٹ بورڈ

روایتی حریف سے ممکنہ سیریز کیلیے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا،احسان مانی فوٹو:فائل

سیاسی کشیدگی میں کمی کے باوجود پاک بھارت باہمی مقابلوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکے گی۔

بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا ہے کہ رواں برس کسی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت میں سیاسی کشیدگی کم ہونے پر یہ اندازے لگائے جانے لگے تھے کہ دونوں پڑوسی ملکوں میں باہمی مقابلوں کی بحالی کا عمل بھی فاسٹ ٹریک پر آگیا ہے۔

ذرائع سے رواں برس پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کسی پیش رفت کی تصدیق نہیں ہوسکی،دونوں طرف کے بورڈز کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔


ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی آفیشل نے کہاکہ رواں برس کسی سیریز کا کوئی امکان نہیں ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ ممکنہ پاک بھارت باہمی سیریز کے لیے ہم سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، اس حوالے سے اپنے بھارتی ہم منصب سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب گذشتہ روز ورچوئل پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے بھی پاک بھارت سیریز کے امکانات پر سوال کیا گیا تو جواب میں انھوں نے کہا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، جب میچز ہوئے تب دیکھیں گے، ابھی جو سیریز کھیل رہے ہیں اس پر توجہ مرکوز ہے، ہماری کوشش ہے اچھی ٹیم بنے، حریف کوئی بھی ہو ہم اچھا کھیلیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین آخری باہمی سیریز2012-13میں ہوئی جب گرین شرٹس نے پڑوسی ملک کا دورہ کیا تھا۔
Load Next Story