معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین انتقال کرگئیں

حسینہ معین طویل عرصے سے کینسرکے مرض میں مبتلا تھیں، اہلخانہ


ویب ڈیسک March 26, 2021
حسینہ معین کو حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا تھا فوٹوفائل

معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں انہیں سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

اہلخانہ کے مطابق حسینہ معین طویل عرصے سے کینسرکے مرض میں مبتلا تھیں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حرکت قلب بند ہونے سے وہ راہی عدم کو سدھار گئیں۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں ادا کی گئی اور انہیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ سمیت متعدد شخصیات نے حسینہ معین کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔



صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی نے نامور ڈرامہ نگار حسینہ معین کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری ایک بہترین استاد تھیں جب کہ مجھے ان سے ملاقات کا اعزاز بھی حاصل ہے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی تاہم آج پاکستان نے ایک لیجنڈ کو کھودیا ہے۔

ممتاز مصنفہ، مکالمہ نگار اور ڈراما نویس حسینہ معین 20 نومبر 1941ء کو بھارت کے شہر کان پور میں پیدا ہوئی تھیں۔ حسینہ معین نے ابتدائی تعلیم گھر میں حاصل کی اور تقسیم ہند کے بعد ان کا گھرانہ راولپنڈی میں آباد ہوا مگر جلد ہی لاہور منتقل ہوگیا۔ 50 کی دہائی میں کراچی آئیں اور اپنی خداداد صلاحیت کی بنا پر بطور ادیب لکھنا شروع کیا۔

انہوں نے 1960ء میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین سے گریجویشن کیا، 1963ء میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے کیا اور تعلیم کے آخری برسوں میں لکھنا شروع کردیا۔

حسینہ معین کے ٹیلی وژن کیریئر کا آغاز 1969ء میں ہوا جب ''عید کا جوڑا'' کے نام سے تحریر کردہ ان کا ڈرامہ بے حد پسند کیا گیا۔ اُنہوں نے ریڈیو اور ٹیلی وژن کے لیے پاکستان اور بیرون پاکستان بہت سے یادگار ڈرامے لکھے۔

ان کے مشہور ڈراموں میں ''پرچھائیاں، دھوپ کنارے، انکل عرفی، تنہائیاں، پل دو پل، دھند، بندش، تیرے آجانے سے، شہ زوری، کرن کہانی، زیر زبر پیش، اَن کہی، گڑیا، آہٹ، پڑوسی، کسک، نیا رشتہ، جانے انجانے، آنسو، شاید کہ بہار آجائے، آئینہ، چھوٹی سی کہانی، میری بہن مایا'' کے علاوہ دیگر مشہور ڈرامے شامل ہیں۔

حسینہ معین نے راج کپور کی فرمائش پر بھارتی فلم ''حنا'' کے مکالمے بھی لکھے جو 1991ء میں نمائش پذیر ہوئی تھی۔ پھر اُنہوں نے ایک پاکستانی فلم ''کہیں پیار نہ ہو جائے'' لکھی تھی۔

قبل ازیں وہ پاکستانی فلم ''نزدیکیاں'' اور وحید مراد کی فلم ''یہاں سے وہاں تک'' کے مکالمات بھی لکھ چکی تھیں۔ اُنہیں حکومت پاکستان کی طرف سے 1987ء میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |