کورونا میں تشویشناک اضافہ مثبت کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز

جون 2020 کے بعد گزشتہ 9 ماہ میں آج ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں


ویب ڈیسک March 26, 2021
اعدادو شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کوروناکی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے فوٹوفائل

ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار368 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 418 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 99 لاکھ 76 ہزار 791 ہوگئی ہے۔

کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 368 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک تھی۔ اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔ جون 2020 کے بعد گزشتہ 9 ماہ میں آج ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس سے قبل 16 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 443 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 356 ہوگئی ہے۔ ان اعدادو شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ64 ہزار 062، پنجاب میں 2 لاکھ 07 ہزار 765، خیبر پختونخوا میں 82 ہزار 677، اسلام آباد میں 54 ہزار 347، بلوچستان میں 19 ہزار 427، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 095 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 983 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 120 ہے۔ جب کہ ڈھائی ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 091 ہوگئی ہے۔

صحت یاب مریضوں کی تعداد

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 170 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 91 ہزار 145 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں