کورونا ایک ارب روپے کی تشہیری مہم شروع کرنے کا فیصلہ

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ منظور۔

مثبت حکومتی اقدامات کو میڈیا میں بھرپور انداز میں پیش کرنیکی ضرورت ہے،وزارت اطلاعات۔ فوٹو فائل

NEW DELHI:
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کوویڈ19 کی تیسری لہر کے بعد عوام میں آگاہی سمیت اپنے دور کے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک ارب روپے کی تشہیری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی)کا خصوصی اجلاس گذشتہ روز وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سنگل پوائنٹ ایجنڈے پر غورکیا گیا جس کے بعد ای سی سی نے حکومتی اقدامات کی تشہیری مہم کیلیے سمری کی منظوری دیدی۔


اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ تشہیری مہم کیلیے ایک ارب روپے ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کے طور پر منظور کیے گئے ہیں۔ اس گرانٹ سے وزارت اطلاعات و نشریات کووڈ 19 کی تیسری لہر بارے عوام میں آگاہی کیلیے تشہیری مہم چلائے گی۔

اس کے علاوہ اس تشہیری مہم میں حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کو بھی اجاگر کیا جائے گا جس کے حوالے سے حکومت کا موقف ہے کہ اس کے بہت سے منصوبوں کو میڈیا میں مناسب طور پر پیش نہیں کیا گیا۔

وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کا مثبت ہونا، برآمدات میں مثبت اضافہ، تعمیری شعبے میں تیزی، سیاحت کا فروغ اور دیگر ایسی مثبت باتیں ہیں جنھیں میڈیا میں صحیح طور پر اور بھرپور انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story