کامریڈ راجہ ریاض کی یاد میں

واضح رہے کہ کامریڈ اعجاز حسین خان واحد شخص تھے جو کہ عوامی لیگ کے ٹکٹ سے منتخب ہوئے۔

zb0322-2284142@gmail.com

ISLAMABAD:
10 ستمبر 2007 بروز پیر صبح ساڑھے نو بجے کا وقت ایک پر درد لمحہ تھا جب ٹی وی چینلز پر یہ پٹی چلی کہ راجہ ریاض ایڈووکیٹ کو وائی ایم سی اے گرائونڈ کے سامنے سامراجی آلۂ کار اور عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے نامعلوم دہشت گردوں نے بندوق کی گولیوں سے چھلنی کرکے شہید کردیا جب کہ متعلقہ سڑک کے دونوں اطراف پر پولیس بھی تعینات تھی۔ راجہ ریاض سے میری ملاقات 1974 سے تھی۔ اس وقت وہ طالب علم رہنما تھے اور ملیر کے ستار ایدھی کہلاتے تھے۔ سیاسی جماعت کے رہنما یا کارکن نے ملیر کے عوام کی اتنی خدمت نہیں کی جتنی راجہ ریاض نے کی۔

ان سے ملاقات کرنے جائو تو پتہ چلا کہ پچھلی گلی کی فلاں بیوہ کے گھر نلکے سے پانی بھر کے دے رہے ہیں، کبھی ملنے جائو تو پتہ چلا کہ کسی ضعیف کے لیے راشن لینے گئے ہیں، کبھی گھر والے بتاتے کہ کچھ طلبا صبح کو آئے تھے اور انھیں لے کر کالج میں داخلہ دلوانے گئے ہیں۔ ان کی اس ٹیم میں شہنشاہ حسین ایڈووکیٹ، گل فراز احمد، احمد علی، ریاض بنگش، اعجاز بنگش، جعفر الحق، صابر اور سہیل وغیرہ جیسے نہ جانے کتنے پر جوش طلبا اور نوجوان ہوتے تھے۔

یہ پہلے ایم ایس ایف (MSF) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن جو کہ ایک دائیں بازو کی رجعتی طلبا تنظیم تھی، اس میں کام کرتے تھے۔ اس وقت ملیر کے انقلابی رہنما وحید مصیح والد مصیح الرحمن، شعیب جوادی، محمد یامین، خرم مرزا، شمس الحق (شمبو بھائی) اور اعجاز حسین خان وغیرہ ملیر کے بائیں بازو کے حوالے سے مزدوروں، طلبا، نوجوانوں اور عوام میں بڑی مقبولیت رکھتے تھے۔ کامریڈ محمد یامین تو صوبائی اسمبلی کے نمایندے کے لیے انتخاب بھی لڑ چکے ہیں۔ انھی کی صحبت اور رہنمائی میں خاص کر وحید مصیح کا خلوص، قربت اور رہنمائی نے راجہ ریاض کو انقلابی سوشلزم کا حامی بنا دیا اور وہ بلاناغہ انقلابی رسالے ''سرخ پرچم'' اور ''صنوبر'' پڑھا کرتے تھے۔ پھر ایم ایس ایف میں اس قدر عملی اور نظریاتی کام کیا جس کے نتیجے میں ایم ایس ایف ایک ترقی پسند اور انقلابی طلبا تنظیم بن گئی۔

راجہ ریاض اس تنظیم کے ملک کے مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔ پھر یہ تنظیم پنجاب، کشمیر، پختون خوا اور کراچی میں پھلنے پھولنے لگی۔ اس میں راجہ ریاض کا کردار، نظریہ، سادگی اور اپنی ذات کی نفی نے بڑا اہم رول ادا کیا۔ کامریڈ راجہ ریاض کا ملیر میں جن لوگوں کے ساتھ ہمہ وقت اٹھنا بیٹھنا اور ایک خاندان جیسے تعلقات تھے تو وہ تھے ملیر ''سی'' ایریا کے اعجاز حسین خان اور ان کے رفقاء جو کہ رام پوری کے نام سے جانے جاتے تھے۔ اعجاز حسین خان، نیشنل عوامی پارٹی، ملیر کے صدر اور ایوبی آمریت میں عوامی لیگ کے ٹکٹ سے دو بار بی ڈی ممبر منتخب ہوئے۔

واضح رہے کہ کامریڈ اعجاز حسین خان واحد شخص تھے جو کہ عوامی لیگ کے ٹکٹ سے منتخب ہوئے۔ اعجاز حسین خان کے صاحب زادے مسعود حسین خان ایڈووکیٹ کی راجہ ریاض سے 34 سالہ قربت تھی اور وہ قربت، خلوص، نظریہ، جرأت اور سچّائی پر مبنی تھی۔ راجہ ریاض تھے پنجابی مگر ملیر میں جن 99.9 فیصد لوگوں کے لیے کام کیا وہ اردو بولنے والے محنت کش، طلبا اور نوجوان تھے۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ وہ رنگ و نسل، فرقہ، مذہب اور زبان سے بالاتر مزدور طبقے کی عالمی یکجہتی اور عالمی انقلاب کے حامی تھے۔


وہ اپنی روح کی گہرائیوں سے ایک سچّے سوشلسٹ تھے۔ کامریڈ راجہ ریاض کی پیدایش جہلم میں ہوئی تھی جہاں سے عظیم مزدور اور کمیونسٹ رہنما دادا میر داد کا تعلق تھا اور وہ ممبئی میں محنت کشوں کے ایک جلوس کی رہنمائی کرتے ہوئے گولیوں سے شہید ہوئے تھے۔ راجہ ریاض جہلم میں پیدا ہوئے اور کراچی میں محنت کشوں کے حقوق کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ وہ دادا میرداد کے وارث تھے۔ جہاں تک شہادت کی بات ہے تو چند روز قبل امان اﷲ خان جو کہ کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے سابق رکن تھے،کراچی میں نامعلوم دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوئے، ان کا آبائی تعلق بلوچستان سے تھا۔ ان کی شہادت پر بھی ہماری آنکھیں پرنم ہیں۔ راجہ ریاض جامعہ ملیہ ملیر کے طالب علم تھے۔

وہ انٹر کالیجیٹ باڈی کے بھی رہنما رہے۔ انھوں نے تعلیم حاصل کرنے کے بعد مشین ٹولز فیکٹری لانڈھی میں ملازمت اختیار کرلی۔ وہاں انھوں نے مزدوروں کو منظم کیا اور یونین کے رہنما بن گئے جب کہ اس وقت مشین ٹولز فیکٹری (یہ اسلحہ سازی کی فیکٹری ہے) میں سندھی، پنجابی، ہزارہ، پشتون، مہاجر اور بلوچ وغیرہ کے نسلی اور قومی ناموں سے مزدوروں نے اپنی الگ الگ انجمنیں بنا رکھی تھیں۔ راجہ ریاض نے ان کے خلاف ''اعلان جنگ'' کردیا۔

ان کے علاوہ مشین ٹولز فیکٹری میں دیگر انقلابی، سوشلسٹ اور کمیونسٹ کارکنان جن میں جعفر، علمدار حیدر، جاوید شکور اور رشید جیسے سرگرم کارکنان برسرپیکار تھے۔ انھوں نے ان سب کے ساتھ مل کر مزدور طبقے کی یکجہتی کے لیے اور قومیتی ونسلی تنگ نظری کے خلاف جدوجہد کی۔ کراچی میں اس وقت مزدوروں کی ہونے والے جدوجہد سب سے نمایاں مختلف فیکٹریوں میں تھی۔ جن میں مشین ٹولز فیکٹری کے مزدوروں کی جدوجہد زیادہ ریڈیکل تھی۔ جب کامریڈ راجہ ریاض نے لاء کرلیا تو انھوں نے وکالت کرنے کی ٹھانی۔

جب وکیل بنے تو وکیلوں کی جدوجہد میں اتنے نمایاں ہوئے کہ کراچی بار کے سالانہ انتخابات میں نائب صدر کا انتخاب لڑے اور سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ وہ عجیب سادے انسان تھے۔ ان کے پاس کبھی بھی منی بیگ اور بریف کیس نہیں ہوتا تھا۔ موکل (کلائنٹ) کی پہلے صلح کرانے کی کوشش کرتے تھے اور جب وہ نہ مانتے تھے تو مقدمہ لڑتے تھے ۔ وہ مزاجاً بہت سچّے اور بہادر انسان تھے۔ ایک بار کراچی سٹی کورٹ میں ایک وکیل نے ایک موچی بچّے کو ماں بہن کی گالی دے دی، جس میں کامریڈ راجہ ریاض نے اس وکیل سے کہا کہ آپ اس غریب بچّے کی ماں کو کیوں گالی دے رہے ہیں؟

جواب میں اس وکیل نے کہا کہ آپ کون ہوتے ہیں پوچھنے والے؟ جیسے ہی یہ بات کہی تو کامریڈ ریاض نے اپنی فائل دور رکھی اور اس وکیل کو گھما کے ایک زوردار تھپڑ رسید کردیا۔ پھر راجہ ریاض کے سارے دوستوں نے اس مزدور دشمن وکیل کی خوب خبر لی۔ یہ تھے ان کے ذاتی کردار۔ راجہ ریاض یوم مئی کے جلسے، جلوس اور حسن ناصر اور نذیر عباسی کی برسی پر جلسوں میں شرکت کو اپنا اوّلین فریضہ سمجھتے تھے۔

کامریڈ راجہ ریاض کی شہادت کو 5 سال گزر گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بھی قائم ہوگئی ۔ راجہ ریاض کا خاندان راولپنڈی منتقل بھی ہوگیا، مگر اب بھی قاتلوں کا پتا چلا اور نہ ہی شہید کے مقدمے میں کوئی پیش رفت ہوئی۔ لوگ اکثر کہتے ہیں کہ قتل نہیں چھپتا مگر کراچی میں تو چھپتا آرہا ہے۔
Load Next Story