اپوزیشن لیڈر سینیٹ کو باپ کے لوگوں نے باپ کے کہنے پر ووٹ دیا مریم نواز

پہلی دفعہ دیکھا لیڈر آ ف اپوزیشن سرکاری ارکان سے مل کر بنا، مریم نواز


ویب ڈیسک March 27, 2021
افسوس ہے کہ پیپلزپارٹی نے چھوٹے سے عہدے کے لیے جدوجہد کو نقصان پہنچایا، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پہلی دفعہ دیکھا لیڈر آف اپوزیشن سرکاری ارکان سے مل کر بنا، آپ کو باپ کے لوگوں نے باپ کے کہنے پر ووٹ دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک طرف لوگ آئین و قانون کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں اور دوسری طرف لوگ چھوٹے چھوٹے سے فائدے کیلیے بیانیےکو روند رہے ہیں، افسوس ہے کہ پیپلزپارٹی نے چھوٹے سے عہدے کے لیے جدوجہد کو نقصان پہنچایا، اسی چھوٹے سے فائدے اور عہدے کے لیے بی اے پی سے ووٹ لے لیا؟ پہلی دفعہ دیکھا لیڈر آ ف اپوزیشن سرکاری ارکان سے مل کر بنا۔

یہ پڑھیں : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بنانا ہماری جماعت کا حق تھا، بلاول بھٹو

لیگی رہنما نے کہا کہ کون جدوجہد کررہاہے قوم دیکھ رہی ہے، آپ کو یہ تسلیم کرناچاہیے کہ بی اے پی نے آپ کو ووٹ دیا، آپ کو باپ کے لوگوں نے باپ کے کہنے پر ووٹ دیا، چھوٹے سے عہدے کےلیے اصولوں کی قربانی دی گئی ہے، اصولوں پر چلنا اور قائم رہنا بڑی بات ہوتی ہے، آدھا تیتر اور آدھا بٹیر، کبھی یہ نہیں ہوسکتا، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلیے (ن) لیگ، مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کی دیگرجماعتیں ہی کافی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نےکہا تھا (ن) لیگ اور پی ڈی ایم مانے تو پنجاب میں عدم اعتماد کر کے پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ بنا دیں، نوازشریف نے کہا تھا آئین و قانون نے جس دائرہ کار میں محدود کیا اسی میں رہیں، ہم آئین کےلیے جدوجہد کرنے والے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں