ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت 1000تعمیراتی منصوبے رجسٹرڈ

مالیت 355 ارب، تعداد حکومتی ہدف سے کم، مزید 285 اسکیمیں رجسٹریشن کے مرحلے میں


Shahbaz Rana March 28, 2021
مالیت 355 ارب، تعداد حکومتی ہدف سے کم، مزید 285 اسکیمیں رجسٹریشن کے مرحلے میں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک ہزار سے زائد تعمیراتی پروجیکٹس رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن کی مالیت 355 ارب روپے ہے، تاہم یہ تعداد ہدف سے کم ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وزیراعطم کی دوسری ایمنسٹی اسکیم کے تحت اب تک 355 ارب روپے مالیت کے 1016 تعمیراتی منصوبے رجسٹرڈ کرائے گئے ہیں تاہم یہ تعداد حکومتی ہدف سے کم ہے۔

واضح رہے کہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت حکومت ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے سرمایہ کاروں کو انکم ٹیکس سے تین سال کی چھوٹ بھی فراہم کررہی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 1016 میں سے 274 منصوبے ایمنسٹی اسکیم کے اعلان سے پہلے ہی زیرتکمیل تھے۔ دسمبر میں 782 منصوبے رجسٹرڈ کرائے گئے۔ اس کے بعد سب سے زیادہ 121 منصوبے اکتوبر میں رجسٹرڈ کرائے گئے۔

حکومت کو توقع تھی کہ دسمبر میں 10کھرب روپے سے زائد کے منصوبے رجسٹرڈ کرائے جائیں گے، تاہم ہدف پورا نہ ہونے پر ایمنسٹی اسکیم میں مزید 6 ماہ کی توسیع کردی گئی تھی۔ اسکیم میں ان منصوبوں کو بھی شامل ہونے کی اجازت دی گئی تھی جو اسکیم کے اعلان سے پہلے ہی زیرتعمیر تھے۔

آئی ایم ایف کی شرط کے تحت حکومت نے 140 ارب روپے مالیت کی 75 قسم کی انکم ٹیکس چھوٹ ختم کردی تھی مگر حکومت ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے 2024ء تک ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے میں کام یاب ہوگئی۔

حکومت کے مطابق رجسٹرڈ شدہ 1016 منصوبوںؓ کے علاوہ 78 ارب روپے مالیت کی 285 اسکیمیں رجسٹریشن کے مرحلے میں ہیں۔ ان میں سے 43 ارب روپے کی 143 اسکیمیں پنجاب، 18 ارب روپے کی 76 اسکیمیں سندھ، 17 ارب روپے کی 57 اسکیمیں اسلام آباد اور 9اسکیمیں خیبرپختونخوا کی ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں