اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن تعلیمی ادارے بند ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی

اسپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات بھی ممنوع قرار، سات علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

قبرستانوں میں تدفین کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے اجازت ہوگی،نوٹیفیکیشن۔ فوٹو:فائل

کورونا وائرس میں اضافہ کے سبب اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرکے شہر بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے، تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی، شب برات پر قبرستانوں میں بھی اجتماعات ممنوع قرار دے دیے گئے۔

یہ پڑھیں: کورونا پھیلاؤ والے علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ

شادی، تفریحی، ثقافتی، کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بند

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یکم اپریل سے ہر قسم کی شادیوں اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہوگی، اسپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات بھی نہیں ہوسکیں گے۔

شب برات پر قبرستانوں میں اجتماعات پر پابندی

نوٹی فکیشن کے مطابق شب برات پر اسلام آباد کے قبرستانوں میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، ایچ ایٹ اور ایچ الیون کے قبرستانوں میں اسسٹنٹ کمشنرز شب برات کے دن اور رات کو عوامی اجتماع کو روکنے کی پابندی کروائیں گے جب کہ قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کرونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی۔


شہر بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند

دریں اثنا وزارت تعلیم نے ایک نوٹ فکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے ساتھ ہی ہر قسم کے امتحانات لینے پر بھی پابندی ہوگی۔

شہر کے سات علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

ڈپٹی کمشنر اینڈ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسلام آباد کے علاقے بحریہ ٹاؤن فیز 2 اور 3، سوہان گارڈن بلاک بی، پی ڈبلیو ڈی بلاک سی، کورنگ ٹاؤن، پاکستان ٹاون فیز ون، ڈی ایچ اے 2 اور این پی ایف بلاک اے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق اتوار کی رات بارہ سے کردیا گیا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام کاروباری مراکز، سرکاری و نجی دفاتر اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے، ان علاقوں میں ہر قسم کی آمدورفت اور تقریبات پر پابندی رہے گی، نوٹی فکیشن کے مطابق ایک وقت میں صرف ایک شخص گاڑی میں بوجہ ضرورت سفر کر سکے گا جبکہ سبزی کریانہ اسٹورز، بیکریز میڈیکل سٹور، تندور اور پیٹرول پمپس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔

 
Load Next Story