لاہور چڑیا گھرمیں شیر اورشیرنی کی زندگی بچانے کیلئے آخری کوششیں جاری

نراورمادہ دونوں شیراپنی طبعی عمرپوری کرچکے ہیں اور کچھ عرصہ سے شدیدعلیل ہیں، ویٹرنری آفیسر


آصف محمود March 28, 2021
نراورمادہ دونوں شیراپنی طبعی عمرپوری کرچکے ہیں اور کچھ عرصہ سے شدیدعلیل ہیں(فوٹو، فائل)

پُرسکون موت کے منتظرنراورمادہ شیرکو بچانے کے لیے لاہورچڑیاگھرنے ان کے ایکسرے اورالٹراساؤنڈکیا ہے۔

منتظمین کے مطابق دونوں ضعیف العمرشیروں کا پہلی بارالٹرا ساؤنڈ کیاگیا ہے یہ خاصامشکل اورخطرناک کام تھا جس میں ان کی موت بھی واقع ہوسکتی تھی۔

لاہورچڑیاگھرکے ڈائریکٹرانورمان نے بتایا کہ چڑیاگھرکے چند جانورجوطویل عرصہ سے بیماری اورمعذوری کا شکارہیں۔ ان کوپرسکون موت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس آخری اقدام سے پہلے ہم نے نرشیر'ٹونی' اورمادہ شیرنی 'کاجل' کاالٹراساؤنڈ کیاہے اوران کے ایکسرے لیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے خون کے نمونے لے کردومختلف لیبارٹریزمیں بھیجے گئے ہیں۔

لاہورچڑیا گھرمیں ایک ٹائیگر، شیر، ریچھ اورزیبرا معذوری کاشکارہیں جن کوپرسکون موت دینے کافیصلہ کیا گیاتھا۔ چڑیاگھرانتظامیہ کے مطابق مادہ زیبراجوٹانگ کی معذوری کا شکارتھی وہ پرسکون موت دیئے جانے سے قبل ہی چل بسی ہے۔ جبکہ شیر ٹونی اور کاجل کے ایکسرے اورالٹراساؤنڈ کیا گیا ہے۔

لاہورچڑیا گھر کی ویٹرنری آفیسر ڈاکٹرمدیحہ کا کہنا تھا نراورمادہ دونوں شیراپنی طبعی عمرپوری کرچکے ہیں۔ لیکن کچھ عرصہ سے شدیدعلیل ہیں، کوشش کے باوجود ان کا علاج ممکن نہیں ہوسکا۔ تاہم اب ہم نے ان کے الٹراساؤنڈ اورایکسرے کئے ہیں۔

ڈاکٹرمدیحہ کا کہنا تھا یہ ایک مشکل اورخطرناک کام تھا کیوں کہ ضعیف اوربیمارشیروں کوبے ہوشی کے لیے گن کی مدد سے انجیکشن لگانا آسان نہیں ہوتا، اس میں ان کی جان جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے اوربعض اوقات ہلکی ڈوز کے باعث یہ بے ہوش نہیں ہوپاتے ہیں ۔ تاہم اللہ کا شکرہے کہ یہ مرحلہ کامیابی سے طے ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایکسرے اورالٹراساؤنڈ کی رپورٹس کے مطابق شیرٹونی کی کڈنی خراب ہوچکی ہیں جبکہ مادہ شیرنی میں بھی انفیکشن بڑھ رہا ہے۔ان کواب ہم مختلف وٹامنزاوراینٹی وائرل انفیکشن کی ویکسی نیشن کریں گے۔ جبکہ چند دنوں میں ان کے خون کے نمونے کی رپورٹس بھی مل جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں