بیٹے کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والی ماں گرفتار

ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے بہنوٸی کے ساتھ مل کر بچے کے اغوا کا ڈرامہ رچایا


Staff Reporter March 28, 2021
ملزمہ نے اپنے بہنوئی کے ساتھ مل کر اغوا کا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کرلیا ہے، پولیس حکام(فوٹو، فائل)

بیٹے کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والی ماں کو پولیس نے گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹائون پولیس اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے مشترکہ کاررواٸی کرتے ہوئے مغوی بچے کو 6 گھنٹے میں بازیاب کرالیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ ٹائون کے علاقے سے دس سالہ بچے احمد علی ولد اسد اللہ کی والدہ حمیرا کے موباٸل فون سے والد کو کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اس کے بیٹے کو اغوا کرلیا گیا ہے اور تاوان کی رقم طلب کی گئی ، عمل نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی بھی دھمکیاں دی گئیں۔ بچے کے والد اسد نے فوری طور پر واقعے سے مبینہ ٹائون پولیس کو آگاہ کیا اور مقدمہ درج کرایا۔

پولیس نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دو بجے ملزمان نے بچے کے والد کو کال کی اور اسے رقم کے لیے ڈاٶ اسپتال بلایا۔جب بچے کا والد تاوان کی رقم چار لاکھ پچاس ہزار روپے لے کر پہنچا تو اس کی بیوی رقم لینے آٸی جسے دیکھ کر وہ حیران ہوگیا۔

اس کی اہلیہ نے بتایا کہ ملزمان یہیں ہیں اور انھوں نے ہی اسے رقم لینے کے لیے بھیجا ہے ، اگر رقم نہیں دی تو وہ ہمارے بچے کو مار دیں گے۔ خاتون رقم لے کر اسپتال کے اندر گٸی اور مختلف وارڈز میں گھومتی رہی ، کچھ دیر بعد ایمرجنسی وارڈ کے واش روم میں رقم چھپا کر اپنے بہنوٸی سکیورٹی گارڈ ہاشم سے بچہ لے کر باہر چلی گئی ، باہر آتے ہی پولیس کے سادہ لباس اہلکاروں نے اسے پکڑلیا۔

ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے انکشاف کیا کہ اس نے خود ہی اپنے بہنوٸی کے ساتھ مل کر بچے کے اغوا کا ڈرامہ رچایا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے زیورات گروی رکھوائے ہیں جس کے لیے اس کا شوہر پیسے ادا نہیں کررہا تھا اور مجبوراً اس نے یہ قدم اٹھایا۔ پولیس نے خاتون کی نشاندہی پر اس کے بہنوئی اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ ہاشم کو بھی گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں