ملک کی تینوں بڑی جماعتیں سلیکٹڈ ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئیں سراج الحق

پی ڈی ایم ہو یا پی ٹی آئی سب اپنی باریوں کے انتظار میں رہتے ہیں، لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب


Staff Reporter March 29, 2021
پی ڈی ایم ہو یا پی ٹی آئی سب اپنی باریوں کے انتظار میں رہتے ہیں، لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب (فوٹو: فائل)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی تینوں بڑی جماعتیں سلیکڈ ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی مدد اور فیڈر سے اقتدار میں آئی، یہ اپنی باریوں کے انتظار میں رہتی ہیں، عمران خان نے کارخانے بنانے کی بجائے لنگر خانے بنادیے جب تک کشمیر میں ایک بھی بھارتی فوجی موجود ہے دوستی نہیں کرسکتے۔

جماعت اسلامی پاکستان نے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف لیاقت باغ میں پابندی کے باوجود جلسہ عام منقعد کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں مایوسی اور نفسا نفسی کا عالم ہے، پوری قوم پنڈی کی طرف دیکھ رہی ہے، ملک کو تقسیم کرنے والا مودی بنگلہ دیش میں جشن مناتا ہے اور ہمارا وزیراعظم مبارک دیتا ہے، ملک کو ان سیاسی و معاشی دہشت گردوں سے پاک کرنا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ چند خاندانوں نے پاکستان کی ترقی روکی، 37 سال تک آمریت مسلط رکھی گئی، پی ڈی ایم ہو یا پی ٹی آئی سب اپنی باریوں کے انتظار میں رہتے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر ہیں، بجلی کے استعمال کرنے والوں پر ماہ کے آخر میں آسمانی بجلی گرتی ہے، دنیا بھر میں کورونا ویکسین مفت ملتی ہے جبکہ پاکستان میں 8 ہزار سے زائد قیمت مقرر کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے کشمیر کو ادھر تم ادھر ہم کی بنیاد پر تقسیم کیا ہے، جب تک کشمیر میں ایک بھی بھارتی فوجی موجود ہے دوستی نہیں ہوسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں