’ بھارت پر بالکل بھی اعتبارمت کرو‘ جاوید میانداد کا مشورہ

بھارتی ٹیم کے ساتھ نہ کھیلنے سے ہماری کرکٹ ختم نہیں ہوگئی، وہاں سے ہوائی فائر نگ کی جاتی ہے

ہماری کرکٹ کو فکسنگ نے تباہ کردیا، کرکٹ اور کوچنگ اسی وجہ سے چھوڑی، بورڈ حکام میرا یقین نہیں کرتے تھے ۔ فوٹو : فائل

'بھارت پر بالکل بھی اعتبار مت کرو' سابق کپتان جاوید میانداد نے خوش فہمی کا شکار ہونے سے صاف انکار کردیا، وہ کہتے ہیں کہ جب کچھ طے ہوجائے گا تب ہی اس پر بات کروں گا، سیاسی فائدہ اٹھانے کیلیے بھارتی سرکار ہوائی فائر کرتی ہے، ہماری کرکٹ کو فکسنگ نے تباہ کردیا، بورڈ کو جب کھلاڑیوں کے بارے میں بتاتا تو وہ میری بات نہیں سنتے تھے، باہر سے آنے والوں کو سرآنکھوں پر بیٹھایا جاتا جبکہ مقامی لوگوں کو 2 منٹ میں اٹھاکر باہر پھینک دیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی کرکٹ روابط کی بحالی کے حوالے سے باتیں ہورہی ہیں تاہم سابق کپتان جاوید میانداد اس حوالے سے کسی بھی قسم کی خوش فہمی کا شکار ہونے کو تیار نہیں ہیں، ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اوپر اعتبار نہ کریں، جب کچھ شیڈول ہوجائے گا تب بات کروں گا، یہ لوگ اپنے مطلب کیلیے ہوائی فائر کرتے ہیں، ہمیں دو ٹوک الفاظ میں کہنا چاہیے کہ آنا چاہتے ہو آؤ نہیں آنا نہیں آنا تو نہ آؤ، ہمیں کوئی فکر نہیں ہے۔


الیکشن کی وجہ سے ایسی باتیں کی جاتی ہیں، ان کے نہ کھیلنے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا، ہماری کونسی کرکٹ ختم ہوگئی۔ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ہماری کوچنگ اچھی نہیں ہورہی، ان لوگوں کو لے کر آئیں جن کی اپنی کرکٹ اچھی رہی ہو، جو اپنی فیلڈ میں ماہر ہو وہی آگے اچھا کھیلنا سیکھا سکتا ہے، جو کچھ میں نے سیکھا میں وہی آگے سیکھانے کی کوشش کروں گا، خود سے پریشر ہٹانے کیلیے باہر سے لوگوں کو لایا گیا ہے، مقامی لوگوں کو بورڈ سے دو منٹ میں اٹھاکر باہر پھینک دیا جاتا ہے۔

معلوم نہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کو کون چلا رہا ہے، جنھوں نے پاکستان کی خدمت کی وہ سابق پلیئر بھیک مانگ رہے ہیں۔ ایک سوال پر جاوید میانداد نے کہا کہ ہمیں فکسنگ نے تباہ کیا، جب آپ آؤٹ ہونے کے پیسے لیتے ہیں تو کیسے اوپر جائیں گے، لڑکوں کے فکسنگ میں پڑنے کی وجہ سے میں نے کرکٹ چھوڑی، فکسنگ میں پرفارم نہ کرنے کا پیسہ لیتے ہیں،کوچنگ بھی اسی لیے چھوڑی، ساری ٹیم کے بارے میں بورڈ کو بتایا مگر وہ مانتے ہی نہیں تھے، کھیلنے کے انداز سے ہی معلوم ہوجاتا ہے کہ آگے والا کیا کھیل کھیل رہا ہے، کئی بار تو رات کو ہی معلوم ہوجاتا تھا کہ اگلے روز میچ میں کیا ہونے والا ہے۔
Load Next Story