پیپلز پارٹی نے جو کیا وہ پارلیمانی اصولوں کے خلاف ہے خاقان عباسی

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ میرے گھر پر ہوا تھا اور تمام جماعتیں جانتی ہیں کہ اس بارے میں فیصلہ کیا تھا

اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کا اعتماد کھو چکے ہیں، اپوزیشن اب ان کی کسی بات کو سننے اور کسی کمیٹی میں جانے کے لیے تیار نہیں، رہنما ن لیگ (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جو کیا وہ پارلیمانی اصولوں کے خلاف ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ میرے گھر پر ہوا تھا، اگر اپوزیشن کے پاس 57 ارکان ہیں تو پہلی فرصت میں چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ میرے گھر پر ہوا تھا، اس فیصلے کے بارے میں تمام جماعتیں جانتی ہیں کیا ہوا تھا، پیپلز پارٹی کو مبارک ہو ان کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گیا لیکن اگر اپوزیشن لیڈر کے فیصلے کی خبر پیپلز پارٹی تک نہیں پہنچی تو ان ممبران سے پوچھ لیں جو وہاں موجود تھے۔


شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اپوزیشن کا اعتماد کھو چکے ہیں، اپوزیشن اب ان کی کسی بات کو سننے اور کسی کمیٹی میں جانے کے لیے تیار نہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ لیڈر آف دی ہاؤس ایوان میں آکر بتائیں انہوں نے کون سی انتخابی اصلاحات چاہیں؟ جس ملک کا وزیر اعظم اپوزیشن کو گالیاں دے وہاں کیا انتخابی اصلاحات ہوں گی۔
Load Next Story