سوچ رہے ہیں باپ کو بھی پی ڈی ایم میں شامل کرلیں شاہد خاقان عباسی

یوسف رضا گیلانی کا تعلق باپ پارٹی سے ہے، رہنما ن لیگ


ویب ڈیسک March 30, 2021
یوسف رضا گیلانی کا تعلق باپ پارٹی سے ہے، رہنما ن لیگ

ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا تعلق تو باپ پارٹی سے ہے اور سوچ رہے ہیں باپ کو بھی پی ڈی ایم میں شامل کرلیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوائے پاکستان کے پوری دنیا نے کورونا پر قابو پا لیا ہے، پاکستان میں کورونا ڈبل ہو گیا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ایسے بنایا گیا جیسے کشمیر فتح کرنے جا رہے ہیں، دنیا میں ماسک پہننا پہلی ترجیح اور این سی او سی کی یہ ترجیح تیرہویں نمبر پر ہے، این سی او سی ناکام ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر سینیٹ کو باپ کے لوگوں نے باپ کے کہنے پر ووٹ دیا، مریم نواز

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو تین سال بعد پتہ چلا کہ وزیر خزانہ بھی ناکام ہو گیا ہے، نیب نے اپنی سیاست کرنی ہے، حکومتوں کو توڑنا اور دبانا ہے، مقصد صرف ایک ہے کہ سیاسی نظام سے عوام کا اعتماد اٹھ جائے اور سیاست دانوں کی تضحیک ہو۔

صحافی نے سوال کیا کہ یوسف رضا گیلانی کے کیس میں کئی ہفتوں کی تاریخیں دی جاتی ہیں؟ تو شاہد خاقان عباسی نے طنزیہ جواب دیا کہ ان کا تعلق باپ پارٹی سے ہے۔

پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سوچ رہے ہیں باپ کو بھی پی ڈی ایم میں شامل کرلیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں