پاک بھارت معطل شدہ تجارتی تعلقات بحال ہونے کا امکان پیدا ہوگیا

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی آج بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے سمیت 21 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی


Irshad Ansari March 31, 2021
آج کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 25-2020 پر غور کیا جائے گا۔(فوٹو، فائل)

پاکستان اوربھارت کے درمیان معطل شدہ تجارتی تعلقات بحال ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی آج بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے سمیت اکیس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لے گی۔ حفیظ شیخ کے بعد حکومت نے وزیر خزانہ حماد اظہر کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا سربراہ بنادیا ہے اورحماد اظہر آج بطور وزیر خزانہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارت سے کپاس(روئی)کی درآمد کی اجازت کی سمری پیش کی جائے گی جب کہ بھارت سے چینی کی درآمد کی سمری بھی منظوری کیلئے پیش ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 25-2020 پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنک راک سالٹ کی جغرافیائی حقوق کی رجسٹریشن کیلئے سمری پیش ہوگی جبکہ وزیراعظم کے کم لاگت گھروں کی اسکیم کیلئے 2 ارب کی گرانٹ کی منظوری متوقع ہے۔

علاوہ ازیں پی آئی اے کی تنظیم نو کی سمری پیش کی جائے گی ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی ٹیکنیکل گرانٹ کی سمری کی منظوری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ آج ای سی سی کے اجلاس میں پیش ہونے والی سمریوں میں کمیونٹی اسکولز، طلباء کے لیے اسکالرشپ سمیت وزارت تعلیم کی گرانٹس کی سمریاں شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں