ہماری انڈسٹری بہت منافق ہے یاسر حسین

ہمارے اداکار سوشل میڈیا پر پڑنے والی گالیوں سے ڈرتے ہیں، یاسر حسین

پاکستانی پروڈکشن ہاؤسز کا ماحول فیکٹری والا ہے، یاسر حسین فوٹوفائل

اداکار یاسر حسین نے پاکستان شوبز انڈسٹری کو منافق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اداکار سوشل میڈیا پر پڑنے والی گالیوں سے ڈرتے ہیں۔

یاسر حسین نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے خود سے منسوب تنازعات اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

یاسر حسین کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنے کام سے زیادہ مختلف تنازعات کی وجہ سے مشہور ہیں۔ اقراعزیز کو شادی کے لیے پرپوز کرنے سے لے کر ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے بارے میں بیان دینے تک یاسر حسین سوشل میڈیا پراکثر تنقید کا نشانہ بن جاتے ہیں۔



یاسر حسین نے خود پر ہونے والی تنقید کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ایسا نہیں ہے کہ ساری دنیا مجھ سے نفرت کرتی ہے کچھ لوگ مجھے پسند بھی کرتے ہوں گے۔ یا اگر میں کسی کو پسند نہیں تو آپ کے پاس ایک بٹن ہے ان فالو کرنے کا مجھے سوشل میڈیا پر ان فالو کردیں میرے بارے میں جاننے کے لیے فکر مند نہ ہوں کہ میں کیا کرتا ہوں کیا کہتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی کے اداکار کچرا ہیں، یاسر حسین

یاسر حسین نے پاکستانی ڈراموں اور اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہمارے یہاں اداکاروں کو بھی کام کرنے میں مزہ نہیں آتا انہیں بس عادت ہے ڈرامے کرنے کی۔ ہمارے یہاں کی پروڈکشنز بہت بری ہوتی ہیں، بغیر اے سی کے کام ہوتا ہے پسینہ صاف کرتے کرتے اداکار پاگل ہوجاتے ہیں صبح سے لے کر رات تک صرف کام کرتے ہیں ہمارے پروڈکشنز ہاؤسز کا ماحول بالکل فیکٹری والا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین نے اقراء عزیز کو بندر سے مشابہ قرار دے دیا


یاسر حسین نے کہا وہ حقیقی دنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں وہ اپنی جھوٹی امیج دنیا کے سامنے نہیں لاتے۔ یاسر حسین نے ترک ڈرامے ''ارطغرل'' کی مثال دیتے ہوئے کہا میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہمیں دوسروں کے چلے ہوئے ڈرامے اپنے یہاں سستے میں چلانے کے بجائے ان کے ساتھ مل کر کو پروڈکشنز کرنی چاہئیں اس میں ہمیں فائدہ ہوگا۔ آج ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی ترک پروڈکشنز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور یہ اچھی بات ہے۔



میزبان نے سوال پوچھا کہ جو باتیں آپ سوشل میڈیا پر کررہے ہوتے ہیں وہی باتیں دوسرے اداکار بھی کررہے ہوتے ہیں لیکن وہ سوشل میڈیا پر نہیں کرتے اس لیے ان کی باتیں لوگوں کے سامنے نہیں آتیں؟ اس سوال کے جواب میں یاسر حسین نے کہا ہماری انڈسٹری بہت منافق ہے اس میں کوئی جھوٹ نہیں ہے اور یہ آج سے نہیں بلکہ شروع سے ہے۔

یاسر حسین نے کہا جب بھی میں کسی تنازع کا شکار ہوتا ہوں تو بہت سارے فنکار مجھے فون کرکے کہتے ہیں تم نے بالکل صحیح بات کی لیکن وہ تمام فنکار سوشل میڈیا پر مجھے نہیں سراہتے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ انہیں لوگوں سے گالیاں پڑیں گی اور وہ لوگوں کی جانب سے پڑنے والی گالیوں سے ڈرتے ہیں لیکن میں نہیں ڈرتا ان گالیوں سے۔

یاسر حسین نے کہا آج ہر چینل تنازع پر زندہ ہے۔ انہوں نے واسع چوہدری کے شو کے ''گھبرانا نہیں ہے'' کے بارے میں کہا مجھ سے پہلے اس شو میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان آئے تھے لیکن اس وقت تک اس شو کا نام کوئی نہیں جانتا تھا اور پھر شو کی تیسری قسط میں میں گیا اور آج اس شو کا نام سب کو پتہ ہے۔



ایک ایوارڈ شو کے دوران اقرا عزیز کو سب سے سامنے شادی کی پیشکش اور پھر اس سے اٹھنے والے تنازع کے بارے میں یاسر حسین نے کہا میں نے ایک چیز کی، اقرا کو بہت اچھی لگی کتنے لوگ سب کے سامنے شادی کی پیشکش کرتے ہیں اور وہ بھی ایسی جسے پوری دنیا دیکھ رہی ہو۔ ہماری انڈسٹری میں کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو اپنے معاشقے چھپا چھپا کر مرے جارہے ہیں میں نے نہیں چھپایا۔ سب کے سامنے محبت کا اظہار کیا اور مردانہ کام کیا۔ یاسر حسین نے کہا ہر کسی کو اپنی بیوی کی عزت کرنی چاہئے اور پیار کرنا چاہئے سامنے بھی اور پیچھے بھی۔

Load Next Story