حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی 15 روز کے لیے کی گئی ہے


ویب ڈیسک March 31, 2021
ہمارے فیصلوں کی بنیاد پاکستان اورعوام کی فلاح ہوگی، حماد اظہر فوٹو: فائل

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا کہ ملکی ترقی معیشت کو ٹھیک کرنے سے مشروط ہے، اسد عمر اور حفیظ شیخ نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا، موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کرنٹ اکاوَنٹ خسارے کا سامنا کیا، ڈھائی ارب ڈالر کا بانڈ جاری کیا تھا، اس میں کامیابی ہوئی ہے۔ ہماری کرنسی اپنے زور پر کھڑی ہے، اس میں ڈالر نہیں جھونک رہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی۔ ہم نے اسٹیٹ بینک کو خود مختار کیا ہے، ہمیں صنعت اور عوام کی فلاح دیکھنی ہے، کبھی کبھی سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں لیکن ہمارے فیصلوں کی بنیاد پاکستان اورعوام کی فلاح ہوگی، سبسڈی کو ٹارگٹڈ کرنے کیلئے محکموں سے بات کررہے ہیں، میں عوام کو جوابدہ ہوں اور اپنے ملک میں رہوں گا۔

واضح رہے کہ اوگرا نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ جس میں یکم اپریل سے پیٹرول ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں بھی ڈھائی روپے فی لیٹر کمی کی تجویز تھی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں