چوہدری اسلم کی شہادت پورے ملک کیلیے لمحہ فکریہ ہے رحمن ملک

ظالمان پانچ وقت کی نماز پڑھتے ہیں اور معصوم لوگوں کو مارتے ہیں،سابق وزیرداخلہ


Monitoring Desk January 10, 2014
ظالمان پانچ وقت کی نماز پڑھتے ہیں اور معصوم لوگوں کو مارتے ہیں،سابق وزیرداخلہ۔ فوٹو:فائل

SUKKUR: سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ایس ایس پی چوہدری اسلم کی شہادت صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلیے لمحہ فکریہ ہے۔

چوہدری اسلم بہت جراتمند اور پروفیشنل افسر تھے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''تکرار'' میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ظالمان پانچ وقت کی نماز پڑھتے ہیں اور معصوم لوگوں کو مارتے ہیں مجھے تو یہ مسلمان بھی نہیں لگتے۔ کراچی مختلف گروپوں کا شکار ہو رہا ہے، ظالمان ہمیشہ سپیس گیم کرتے ہیں ہمارے دور میں کے پی کے حکومت سے بات ہوئی، وفاق نے تعاون کیا اور تھوڑی دیر بعد ہی معاہدہ توڑ دیا گیا۔ مذاکرات کا کوئی نعم البدل نہیں مگر جب ایک طرف کا فریق مذاکرات میں سنجیدہ ہی نہیں تو پھر کیا نتائج برآمد ہوں گے۔ اس وقت ظالمان میں بہت سے گروپ ہیں، ہمارا مذاکرات کا تجربہ بہت برا ہے اگر وہ مذاکرات میں آگے نہیں بڑھتے تو پھر ہمیں سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہم کب تک ایسے جوانوں کو شہید کراتے رہیں گے۔

ہماری پولیس کے پاس وہ وسائل نہیں ہیں جن کے ساتھ لیس ہو کر ظالمان کامقابلہ کیا جائے۔ جب تک ایمرجنسی لگا کر ظالمان کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے یہ قابو میں نہیں آئیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رضا حیات ہراج نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ سانحہ بہت بڑا ہے، پولیس اہلکار اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے ڈیوٹی دے کر ملک و قوم کی خدمت کرتے ہیں ان کی شہادت کے بعد کوئی ان کے گھرانوں کا والی وارث نہیں بنتا۔ میں تمام طالبان کو برا نہیں سمجھتا، کچھ اچھے طالبان بھی ہیں۔ جنوبی پنجاب کو ان لوگوں سے پاک قرار نہیں دیا جاسکتا بعض لوگ واقعی ایسے ہیں جنہوں نے مدارس بنائے ہیں۔ ہمیں اچھے اور برے طالبان کا تعین کرنا چاہئے ہم اپنے لوگوں سے جنگ نہیں کرسکتے۔

 photo 4_zps68374aaf.jpg

دہشت گردی کامسئلہ اتنا بڑا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے حل نہیں کر سکتی۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا کہ چوہدری اسلم کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ہمارا بہادر سپاہی چھن گیا ہے۔ اے این پی کے رہنما شاہی سید نے کہا کہ چوہدری اسلم کی ہلاکت کی جتنی بھی مذمت کی جائے اتنی ہی کم ہے ۔ کراچی کے افسران یہاں تک کہتے ہیں کہ اگر ہم صحیح کام کریں گے تو ہمیں تبدیل کردیاجائیگا، پولیس کو ان کی وردی کی سزا دی جا رہی ہے۔ یہ طالبان نہیں ہیں طالبان کا مطلب دین کا طالب کے ہیں ۔ کراچی میں اے این پی، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی سب نے بھتہ مانگا مگر آج طالبان کے نام پر سب سے زیادہ بھتہ مل رہا ہے۔

آج ہمیں پاکستانی بننے کی ضرورت ہے ہماری فوج ہماری پولیس ہمارے سارے افسران ہٹ لسٹ پر ہیں۔ ایکسپریس نیو زکے اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ چوہدری اسلم کی شہادت بہت بڑا نقصان ہے وہ پروفیشنلی کام کرنا اور میڈیا پر بات کرنا بھی جانتے تھے میں نے ان کا جب آخری انٹرویو کیا تو اس انٹرویو میں لیاری آپریشن کے چند زخمی سپاہیوں سے بھی بات ہوئی انھوں نے کہا کہ وہ زخمی ہوگئے ہیں ان کو کوئی ڈر نہیں کیونکہ چوہدری اسلم ان کا دلیر افسر ہے وہ ان کے ساتھ لڑتا ہے اس لئے ان کو زخمی ہونے کا کوئی دکھ نہیں ہے۔ کراچی کے حالات پولیس کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے خراب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں