کورونا کی تیسری لہر حکومت سندھ نے نئی پابندیاں عائد کردیں

کاروباری اوقات میں تبدیلی اور جلسے جلوسوں سمیت سماجی تقریبات پر پابندی کا نوٹفکیشن جاری

حکومت سندھ نے کورونا کی تیسری لہر سے متعلق نئی پابندیوں کا حکم نامہ جاری کردیا ہے(فوٹو، فائل)

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر پہلے سے نافذ ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں جلسے جلوسوں سمیت سماجی تقریبات پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ایس او پیز 11 اپریل تک قابل عمل ہوں گے۔ حکومت سندھ کے فیصلے کے مطابق چھ اپریل سے انڈور اور آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر پابندی ہوگی ۔

صوبے میں کاروبار کے نئے اوقات مقرر کردیئے گئے ہیں جن کے تحت تمام تجارتی سرگرمیاں صبح چھ بجے سے آٹھ بجے تک ہوں گی۔ نجی اور سرکاری اداروں میں ڈیوٹی پر نصف عملہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


کرونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی تاہم ریسٹورنٹس میں رات 10 بجے تک آوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی اس کے بعدٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔

6 اپریل سے انڈور اور آوٹ ڈور شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، 5 اپریل تک شادی کی تقریبات صرف آوٹ ڈور میں ہوں گی جن میں محدود تعداد میں مہمان شریک ہوسکیں گے۔تمام مارکیٹیں، شادی ہالز اور شاپنگ مالز کو صبح 6 سے رات 8 بجے تک کھلنے کی اجازت ہو گی۔پابندی سے میڈیکل اسٹور، پیٹرول پمپس ، اسپتال اور بیکریاں مستثنیٰ ہوں گے۔

نوٹیفیکشن کے مطابق سماجی، ثقافتی، موسیقی اور کھیل سمیت تمام تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔امیوزمنٹ پارک مکمل بند رہیں گے تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریکس کھلی رہیں گے۔

نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ تمام عدالتوں میں بھی حاضری کو کم کیا جائے گا۔پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ مسافروں کو اجازت ہوگی۔ پبلک مقامات ، سرکاری اور نجی دفاتر میں ماسک کا استعمال لازمی قراردیا گیا ہے۔ وائرس کی صورتحال کا این سی او سی اجلاس میں 7 اپریل کو دوبارہ جائزہ لے کر مزید احکام دیے جائیں گے۔
Load Next Story