کارتک آریان نے ہدایت کار انیس بزمی کیلیے پریشانی کھڑی کردی

کارتک آریان ان دنوں فلم ’بھول بھلائیاں ٹو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

کارتک آریان ان دنوں فلم ’بھول بھلائیاں ٹو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے اداکار کارتک آریان نے اپنی فلم کے ہدایت کار کے لیے پریشانی کھڑی کردی۔

بھارت میں کورونا وائرس کی صورت حال خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے اور اس بات کی تصدیق بھارتی میڈیا بھی کررہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق صرف ایک دن میں 56 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک ریکارڈ ہے جب کہ متعدد بالی ووڈ شخصیات بھی کورونا کی اس نئی لہر کی لپیٹ میں آچکی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے نوجوان اداکار کارتک آریان کی صحت دن بدن بہتر ہوتی جارہی ہے تاہم ان کی صحت کو لے کر بالی ووڈ کے ہدایت کار انیس بزمی کافی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

ایک انٹریو میں ہدایت کار انیس بزمی کا کہنا تھا کہ وہ کارتک اور فلم کے حوالے سے بہت زیادہ پریشان نہیں ہیں کیوں کہ ہم فلم کی 60 فیصد شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں تاہم ہمارا وقت ضائع ہورہا ہے، بہرحال ایک بار کارتک مکمل صحتیاب ہوجائے باقی کی شوٹنگ بھی تیزی سے مکمل کرلیں گے۔




انیس بزمی نے کارتک آریان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پروفیشنل اور بہت تیزی سے سیکھنے والا اداکار ہے جو فوراً سے جملے پکڑلیتا ہے، ہمیشہ وقت کی پابندی کرتا ہے، ہر ایک سے مسکرا کر بات کرتا ہے اور سیٹ پر اس کی موجودگی ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے اس لیے ہم سب کارتک کی واپسی کا انتظار کررہے ہیں۔

ہدایت کار نے کہا کہ میں نے جب کارتک کو ان کی پہلی فلم 'پیار کا پنچنامہ' میں دیکھا تو میں سمجھ گیا تھا یہ لڑکا بہت آگے جائے گا اور میں اس کے ساتھ کام کرنا چاہتا تھا لیکن ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ فلم 'بھول بھلائیاں ٹو' میں ہم ساتھ کام کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انیس بزمی نے کہا کہ میرا اکشے کمار کی فلم بھول بھلائیاں سے کوئی لینا دینا نہیں۔

واضح رہے 2007 میں پریادرشن کی ہدایت کار میں بننے والی کامیڈی فلم 'بھول بھلائیاں' میں اکشے کمار اور ودیا بالن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور فلم باکس آفس پر کامیاب بھی ثابت ہوئی تھی۔
Load Next Story