کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین خیبرمیل ایکسپریس حیدرآباد کے قریب ڈیتھار ریلوے پھاٹک پر آئل ٹینکر سے ٹکرائی گئی،آئل ٹینکر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا جبکہ مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرمیل ایکسپریس کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ حیدرآباد کے قریب ڈیتھار پھاٹک پر ایک آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی،حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر دو حصوں میں تقسیم ہوگیا اور ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حادثے کے بعد ٹرین کا انجن مکمل طور پر خراب ہوگیا اور اس کی ڈیزل کی ٹینکی بھی پھٹ چکی ہے۔حادثے کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدرو رفت معطل ہو گئی،کراچی سے روانہ ہونے والی سکھر ایکسپریس کو حیدرآباد جبکہ لاہور سے آنے والی خیبرمیل کو ٹنڈوآدم پر روک لیا گیا ہے۔
واقعہ سے متعلق عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونےوالا ٹرک میرپور خاص جارہا تھا،ٹرین کی رفتاری کافی تیز تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ٹرین میں موجود مسافروں کے مطابق حادثہ بہت شدید تھا جس کے بعد لوگوں کی چیخیں نکل گئیں اور گاڑی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔جبکہ ڈیوٹی پر مامور پھاٹک مین کا کہنا ہے کہ ٹرین کی آمد کے وقت پھاٹک بند تھا اور ٹرک میں خرابی کی وجہ سے یہ ریلوے لائن پر رک گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
نمائندہ ایکسپریس کے مطابق حادثے میں کچھ لوگوں کے معمولی زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے،تاہم انہیں اسپتال لے جانے کی ضرورت پیش نہیں آئی اور مقامی لوگوں نے ہی طبی امداد دے دی ہے۔
بعد ازاں تین گھنٹے گزرنے کےبعد بھی کوٹری اسٹیشن سے امدادی کارروائیوں کے لیے منگوائی گئی کرین جائے حادثہ پر نہ پہنچ سکی جس کےبعد ریلوے حکام نے قریبی گاؤں سے ٹریکٹر منگوا کر اپ ٹریک کو بحال کردیا اور خیبرمیل کو متبادل انجن لگا کر منزل کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ڈاؤن ٹریک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے اور اسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔