مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلنے والی ہائی اسپیٖڈ ٹرین سروس ایک سال بعد بحال

ٹرین مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسٹیشن کے درمیان چلے گی


April 01, 2021
حرمین ٹرین کا آپریشن کورونا وائرس اور جدہ ریلوے اسٹیشن پر آتشزدگی کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔ فوٹو:سوشل میڈیا

سعودی عرب میں حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین سروس ایک طویل بندش کے بعد دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے ( ایچ ایچ آر) ایک سال کی بندش کے بعد دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ حرمین ٹرین مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسٹیشن کے درمیان چلے گی، اور یہ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ سے گزرے گی۔

خبرایجنسی کے مطابق گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور مسافروں کی خدمت پر مامور ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی ناگزیر ہے۔

سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین رمیح بن محمد الرمیح کا کہنا ہے کہ اتھارٹی حج و عمرہ سیزن کے لیے پوری طرح تیار ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ سفر ہوگا اور زیادہ تحفظ اور بہترین معیار کے ساتھ سروس کو چلایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حرمین ٹرین کا آپریشن کورونا وائرس اور جدہ ریلوے اسٹیشن پر آتشزدگی کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں