سینیٹ میں چوہدری اسلم شہید کی خدمات کے اعتراف میں قرار داد منظور

اسلم چوہدری ایک بہادر افسر تھے، انہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ہمیشہ دہشت گردی کا سامنا کیا، قرارداد کا متن


ویب ڈیسک January 10, 2014
قراداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اسلم چوہدری اور دیگر بہادر افسران کے اہلخانہ کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ فوٹو؛فائل

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کی خدمات کے اعتراف میں سینیٹ کے اراکین نے قرار داد منظور متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے پیش کی۔ قرار داد کے متن میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی خددمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ وہ ایک بہادر افسر تھے، انہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ہمیشہ دہشت گردی کا سامنا کیا اور لڑتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی جب کہ دہشتگردوں کے باربار حملوں کے باوجود ان کا حوصلہ پست نہیں ہوا بلکہ وہ ایک نئی ہمت اور نئے جذبے کے ساتھ سامنے آئے۔

قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ چوہدری اسلم شہید نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے علاوہ جہاں بھی ان کی خدمات کی ضرورت ہوئی وہ ہر وقت حاضر رہیں گے۔ قراداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اسلم چوہدری اور دیگر بہادر افسران کے اہلخانہ کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے عیسی نگری کے قبرستان کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم 3 پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں