کیمبرج بورڈ کے طلبا کا احتجاج امتحان منسوخی کا مطالبہ

نصاب مکمل نہیں ہوا، تیاری نہیں ہوئی ہے، ریجن فور کی طرح اسسٹ گریڈز دیے جائیں


Staff Reporter April 02, 2021
کیمبرج بورڈ کے طلبا آن لائن پڑھاکر سینٹرز میں امتحانات لیے جانے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں

کیمبرج بورڈ کے تحت زیر تعلیم درجنوں طالب علم کراچی پریس کلب پر مطالبات کی منظوری کے لیے سراپا احتجاج ہوگئے۔

احتجاجی طالبعلموں نے وفاقی حکومت سے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایگزامنیشن منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ملکوں کی طرح ٹیچرز اسسٹ گریڈز دیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان کیمبرج اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کیمبرج بورڈ کے تحت زیر تعلیم اے اور او لیول کے طالبعلموں نے امتحانات کی منسوخی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی طالبعلموں نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے شفقت انکل رحم کریں، سی اے آئی ای کے طلبہ کو انصاف دو، تحریک انصاف انصاف دو کے نعرے لگائے، اس موقع پر ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اے لیول کے طالبعلم ارشد صدیقی کا کہنا تھا کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے کیمبرج کے امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔

اے لیول کے امتحان کی تاریخ 26 سے 28 اپریل اور او لیول کے امتحانات کی تاریخ 10 یا 15 مئی دی گئی ہے، ریجن فور کی طرح اسسٹ گریڈز دیے جائیں، ہماری تیاری نہیں ہوئی ہے، نصاب بھی مکمل نہیں ہوا ہے، اے لیول فائنل ائیر کے طالبعلم اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ پورے سال آن لائن کلاسز ہوئی ہیں، کسی کی کوئی تیاری نہیں ہے، سلیبس مکمل نہیں ہوا، آن لائن پڑھا کر امتحانات نہیں لیے جاسکتے، اگر گریڈ صحیح نہیں آتے تو جامعات میں داخلہ نہیں ہوسکے گا، ہمارا مستقبل برباد ہوجائے گا، امتحانات آگے بڑھادیں یا اسسمنٹ گریڈ دے دیں۔

پچھلے سال بھی ایسا ہی ہوا تھا، اے لیول فرسٹ ائیر کے طالبعلم اربل الیاس کا کہنا تھا کہ کیمبرج نے ہمیں ٹیچرز اسسٹ گریڈز کا آپشن دیا ہے، پورے سال جو ہمارے ٹیسٹ اور اسائنمنٹس ہوئے ہیں اس کی بنیاد پر ہمیں گریڈ دیا جاتا ہے، پورے سال آن لائن پڑھا کر ہال میں بٹھا کر امتحانات لینا سراسر ناانصافی ہے، ہم سے کہا جارہا ہے کہ اگر امتحان نہیں دئیے تو سال ضائع کردینگے، طالبعلم ذہنی دباو کا شکار ہیں، وزیر تعلیم شفقت محمود سے درخواست ہے کہ جب کیمبرج بورڈ نے ہمیں اجازت دے دی ہے اسسمنٹ گریڈز کی تو وہ ہمارا سال ضائع نہ کرائیں امتحانات منسوخ کرنے کے احکام دیے جائیں۔

اے لیول فائنل ائیر کے طالبعلم کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سی آئی اے ای ایس منسوخ کیے جائیں ہمارے پیپرز زون فور میں لگتے ہیں اور زون فور میں زیادہ تر ممالک نے اپنے امتحانات منسوخ کردیے ہیں صرف پاکستان اور امان نے نہیں کئے، پوری دنیا میں ٹیچرز اسسٹ گریڈز دئیے جائیں گے جبکہ پاکستانیوں کو جاکر امتحان دینا پڑیں گے، اسکے علاوہ طلبہ کو بند ہال میں امتحان دینا ہونگے جو کہ کورونا کی صورتحال میں بھی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، اسوقت شادی ہالز اور دیگر پابندیاں بھی عائد کردی گئی ہیں۔

اگر حکومت امتحانات منسوخ نہیں کرتی تو یہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوگی، ہم نے کبھی آن لائن نہیں پڑھا، ہمیں پورا سال آن کیمپس شفل کیا گیا، آن لائن پڑھایا گیا، پچھلے سال بہت سے اسکولز کے پاس ڈیٹا نہیں تھا جس کی وجہ سے کچھ طالبعلموں کو گریڈز کو لے کر شکایات تھیں لیکن اس سال سب اسکولز کالجز کے پاس ڈیٹا موجود ہے، اس سال تمام اسکولز نے دیٹا جمع کرکے رکھا ہوا ہے ٹیچرز اسسٹ گریڈز بنے ہوئے ہیں، ہم وفاقی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے مطالبہ کرتے ہوئے طالبعلموں کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں لیے جانے والے سی اے آئی ای ایس منسوخ کیے جائیں، ٹیچرز اسسٹ گریڈز دیے جائیں، عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر طلبہ کی صحت کو مد نظر رکھا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں