کراچی میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کو گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

سابق صدرآصف زرداری نے بھی گزری قبرستان میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کا آخری دیدار کیا


ویب ڈیسک January 10, 2014
وزیراعلیٰ سندھ، پولیس و فوج کے اعلیٰ افسران، اہم سیاسی و مذہبی شخصیات اور لوگوں کی بڑی تعدادنےشرکت کی فوٹو: اے ایف پی

MULTAN: دہشت گردی کے خلاف جام شہادت نوش کرنے والے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کو ان کے ساتھیوں سمیت ڈیفنس کے گزری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا اس موقع پر سابق صدرآصف زرداری نے بھی قبرستان پہنچ کر شہید کا آخری دیدار کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہدری اسلم اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹر حسن اسکوائر میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شا ہ، پولیس اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران سمیت اہم سیاسی و مذہبی شخصیات اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جب شہدا کی میتوں کو پنڈال میں لایا گیا تو پولیس کے جوانوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سلامی دی جب کہ پاک فوج کے وفد نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے پھولوں کی چادر ان کے گہوارے پر رکھی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جب کہ پولیس ہیڈ کوارٹر کی اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا ۔

شہید چوہدری اسلم اور ان کے شہید ساتھیوں کو کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں گزری کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، سابق صدرآصف زرداری بھی ان کا آخری دیدار کرنے کے لئے قبرستان پہنچے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اورپولیس اوررینجرز نے علاقے کا کنٹرول سنبھالے رکھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے عیسی نگری کے قبرستان کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم 3 پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں