خودکش حملہ آور کو روکنے والے اعتزاز حسن شہید کو’’ستارہ شجاعت‘‘ دینے کیلئے صدر کو سمری ارسال

اعتزازحسن نے اپنی جان دے کر سیکڑوں طالبعلوں کی جان بچا کر حب الوطنی اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کی، وزیراعظم


ویب ڈیسک January 10, 2014
عوام اور سیاست دانوں کی ایک بڑی تعداد نےاعتزاز حسن کو اعلیٰ ترین ایوارڈ دینےکا مطالبہ کیا تھا۔ فوٹو:فائل

RAWALPINDI: وزیراعظم نواز شریف نے خودکش حملہ آور کو روک کر سیکڑوں طلبا کی جان بچانے والے اعتزاز حسن کو ستارہ شجاعت دینے کے لئے صدر مملکت کو سمری ارسال کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے اعتزاز حسن شہید کو ستارہ شجاعت دینے کے لئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری ارسال کردی جس میں کہا گیا ہے کہ نویں جماعت کےطالب علم اعتزازحسن نےجرات اور بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو اسکول کے اندر داخل ہونے سے روکا اور اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طالب علوں کی جان بچا کر حب الوطنی اور شجاعت کی عظیم مثال قائم کی۔

واضح رہے کہ 6 جنوری کو ہنگو کے نواحی علاقے ابراہیم زئی میں خودکش حملہ آور نے گورنمنٹ ہائی اسکول میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اسکول سے باہر اعتزازحسن نے لڑکے کومشکوک سمجھ کرروکنے کی کوشش کی جس پر بمبار نے خود کودھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں بہادر طالب علم اعتزاز حسن نے جام شہادت نوش کیا۔

ہنگو کے اسکول میں خودکش حملے کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں اور سیاست دانوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے طالب علم اعتزازحسن کے لئے حکومت سے اعلیٰ اعزاز دینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اعتزاز حسن کے بھائی مجتبیٰ حسن نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے بھائی کو اتنے اعلیٰ د رجے کی موت نصیب ہوئی، حکومت کو چاہئے کہ وہ میرے بھائی کے لئے تمغہ شجاعت یا نشان حیدر دینے کا علان کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔