بھارتی باکسرنے گلوزاتار کر گن اٹھالی

سینے پر اولمپک میڈل سجانے کے بجائے گینگسٹر اور اشتہاری بن گیا


Sports Desk April 04, 2021
سینے پر اولمپک میڈل سجانے کے بجائے گینگسٹر اور اشتہاری بن گیا

فیڈریشن پر اقتدار کی جنگ نے اْبھرتے ہوئے بھارتی باکسر کو گینگسٹر بنا دیا۔

دیپک پاہل نے باکسنگ گلوز اتار کر گن اٹھالی، سینے پر اولمپک میڈل سجانے کے بجائے اشتہاری بن گیا، پولیس کو قتل کے 4 کیسز اور دیگرمقدمات میں اس کی تلاش ہے۔ دیپک پر 2 لاکھ روپے کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دیپک پال نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں وجیندر سنگھ کے برانز میڈل جیتنے پر اپنی آنکھوں میں بھی ان کی طرح شہرت حاصل کرنے کا خواب سجایا،وہ ہریانہ کی ایک مقامی اکیڈمی میں باکسنگ سیکھنے پہنچ گیا، جلد ہی وہ اپنی صلاحیت کی بنا پر مقامی کوچز کی نظر میں آیااور آخر میں انڈین اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ٹریننگ کیلیے بلایا گیا، بعد ازاں اس نے جونیئر ایونٹس میں بھی حصہ لیا اور میڈل بھی جیتے تاہم 2012 میں انڈین باکسنگ فیڈریشن کے انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے حکومت اور آئیبا دونوں نے فیڈریشن پر پابندی عائد کردی۔

4 برس تک ملک میں کوئی ڈومیسٹک باکسنگ ایونٹ نہیں ہوا، دیپک پاہل اسپورٹس کوٹے پر سرکاری نوکری کیلیے پْرامید تھا مگر کوئی نیشنل چیمپئن شپ نہ ہونے کی وجہ سے خواب ٹوٹنے لگے، اس دوران کسی نے رابطہ ایک جرائم پیشہ شخص جتیندر عرف گوگی سے کروا دیا، اس طرح پاہل جرائم کی دنیا میں داخل ہوگیا، 15 سالہ نوجوان 10 برس بعد ایک اشتہاری بن گیا، حال ہی میں اس پر ایک اور قاتل کلدیپ مان عرف فجاکو پولیس حراست سے چھڑوانے کا بھی الزام عائد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق فجا کو طبی معائنے کیلیے ایک مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں پر پاہل نے پولیس اہلکاروں کے آنکھوں میں مرچیں پھینکیں اور فائرنگ کرتے ہوئے فجا کوچھڑوا لے گیا، پولیس نے فجاکو3 روز بعد ایک مقابلے میں مار ڈالا اور اب پاہل کی تلاش جاری ہے، اس کی گرفتاری پر 2 لاکھ روپے کا انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔ پاہل کے والد بیماری کی وجہ سے بستر تک محدود جبکہ ان کی والدہ اپنے بیٹے کے جیتے ہوئے میڈلز دیکھ کر روتی رہتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔