اداکارہ نائلہ جعفری کی سینئر اداکاروں کی مالی معاونت کرنے کی اپیل

اداکارہ نائلہ جعفری نے کسمپرسی کی حالت میں اسپتال کے بستر سے ویڈیو بناکر مدد کی درخواست کی ہے


ویب ڈیسک April 04, 2021
میں گزشتہ 6 برسوں سے بیمار ہوکر پڑی ہوئی ہوں ، اداکارہ نائلہ جعفری فوٹوسوشل میڈیا

HYDERABAD: پاکستان کی سینئر اداکارہ نائلہ جعفری نے نہایت کسمپرسی کی حالت میں حکومت اورڈراما پروڈیوسرز سے درخواست کی ہے کہ بیمار اور سینئراداکاروں کی مالی معاونت کی جائے۔

اداکارہ نائلہ جعفری گزشتہ کئی برس سے کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑ رہی ہیں اور اس وقت نہایت کسمپرسی کی حالت میں اسپتال میں ہیں۔ نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر موجود حکومت اور مختلف ڈراما پروڈیوسرز سے درخواست کرتی نظر آئیں کہ بیمار اور سینئر فنکاروں کی مالی معاونت کی جائے۔

نائلہ جعفری نے کہا کہ وہ پچھلے 6 برسوں سے کینسر جیسے موذی مرض سے لڑرہی ہیں۔ پہلی کیموتھراپی کے بعد انہیں انفیکشن ہوگیا تھا اور انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا جس کی وجہ سے ان کی کیموتھراپی کا دوسرا سیشن نہیں ہوسکا۔

نائلہ جعفری نے کہا ایک بات جو میں اس دوران سوچتی رہی ہوں کتنا بہتر ہو کہ ہماری گورنمنٹ اور فن و اسپورٹس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پالیسی میکرز ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے بارے میں سوچیں۔

اداکارہ نے کہا میں نے جب پی ٹی وی جوائن کیا تھا تو اس وقت جب ہمارے ڈرامے دوبارہ ٹی وی پر نشر کیے جاتے تھے تو ہمیں ان ڈراموں کی رائلٹی ملتی تھی گو کہ وہ پیسے بہت کم ہوتے تھے لیکن ہمیں اچھا لگتاتھا اور وہ پیسے برے نہیں لگتے تھے۔

میں گزشتہ 6 برسوں سے بیمار ہوکر پڑی ہوئی ہوں سب نے بڑا سپورٹ کیا ہے بہت مدد کی ہے، پیار دیا ہے، میں اکیلی تھی سب نے مل کر مجھے سنبھالا ہے لیکن میں سوچتی ہوں کہ کاش ایسا کوئی سلسلہ ہوتا کہ ہمارے وہ ڈرامے جو ٹی وی پر ایک بار دکھائے جاچکے ہیں اور جب انہیں دوبارہ دکھایا جاتاہے اس کے معاوضے کے طور پر ہمیں دوبارہ کچھ پیسے ملیں۔

نائلہ جعفری نے بتایا کہ ان کا ایک ڈراما جو گزشتہ 6 برسوں میں 6 بارٹی وی دکھایا جاچکا ہے اور بھی ایسے ڈرامے ہیں جو دوبارہ دکھائے جارہے ہیں اگر ان ڈراموں سے ہونے والی آمدنی میں سے کچھ معاوضہ ہم جیسے لوگوں کو ملتا رہتا تو ہمیں بڑی سہولت اور آسانی ہوجاتی۔ ہوسکتا ہے کچھ لوگوں کو نہ ہوتی ہو لیکن جب آپ بہت عرصے سے کام نہیں کررہے ہوتے تو یہ پیسے بہت ضروری ہوجاتے ہیں۔

نائلہ جعفری نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا میں درخواست اور مطالبہ کروں گی کہ اس سلسلے میں کچھ کیا جائے تاکہ آنے والے وقت میں مجھ جیسے سینئر اور بیمار اداکاروں کی مدد ہوسکے کیونکہ ہمارے لیے چیزیں مینیج کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ 1990 کی مقبول ٹی وی اداکارہ، ماڈل و فیشن ڈیزائنر نائلہ جعفری 2016 سے بیمار ہیں۔ ابتدائی طور پر ان میں اوورین کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، بعد ازاں ان میں معدے کے کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔ اداکارہ نائلہ جعفری نے 2017 میں اس وقت کی مرکزی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مالی مدد لینے سے انکار کردیا تھا۔ تاہم بعد میں انہوں نے اس وقت کے صدر مملکت ممنون حسین کی معاونت قبول کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے حکومت سندھ کی مالی مدد بھی قبول کی تھی۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/CNNsQLXhduu/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں