پاکستان نے برطانیہ کو سفری پابندی والے ملکوں کی فہرست سے نکال دیا

کیٹیگری بی والے ملکوں کے مسافروں کو پاکستان آنے سے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار


ویب ڈیسک April 04, 2021
(سی اے اے) نے بین الاقوامی پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹس کے لیے نئی ایس او پی جاری کردی۔ فوٹو:فائل

پاکستان نے برطانیہ کو سفری پابندی والے ملکوں کی فہرست سے نکال دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے بین الاقوامی پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹس کے لیے نئی ایس او پی جاری کردی ہے، جب کہ نئی ایس او پی میں کیٹگری سی میں شامل ملکوں کی نئی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، نئی ایس او پیز 6 تا 20 اپریل تک قابلِ عمل ہوں گی۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز کے مطابق پاکستان نے برطانیہ کو پابندی والے ملکوں کی فہرست سی سے نکال کر کٹیگری بی میں شامل کرلیا ہے، کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے پاکستان آنے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیاہے، منفی کورونا رپورٹ کی صورت میں کیٹگری بی میں برطانیہ سمیت دیگر ملکوں کے مسافروں کو پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا

نئی ایس او پیز کے مطابق کیٹیگری سی میں شامل ملکوں کے مسافر پاکستان سفر نہیں کرسکتے، کیٹیگری سی میں جنوبی افریقہ، کولمبیا، زمبابوے، گھانا سمیت 22 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ نے دو روز پہلے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرکے سفری پابندی لگائی تھی۔ برطانوی حکام کے مطابق 9 اپریل سے برطانیہ میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کو دس روز کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا، اطلاق ان مسافروں پر بھی ہوگا جو ٹرانزٹ فلائٹ پر ان ممالک جائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔