حکومت نے ملکی سلامتی خطرے میں ڈال دی مولانا فضل الرحمان

محب وطن سیاسی، مذہبی قوتوں کو فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملکی بقاء کی خاطر میدان میں آنا ہوگا، سربراہ پی ڈی ایم

نواز شریف کا فون، خیریت دریافت کی، جے یو آئی کی شوریٰ کا اجلاس ملتوی فوٹو: فائل

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی استعماری طاقتوں نے ملک کو اپنی آماجگاہ بنا لیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم ی استعماری طاقتیں پاکستان کو افغانستان بنانا چاہتی ہیں، عمران خان پاکستان کا ڈاکٹر نجیب اللہ ہے ، موجودہ حکومت نے ملکی وحدت، سلامتی اور خود مختاری کو خطرات میں ڈال دیا ہے، تمام محب وطن سیاسی، مذہبی قوتوں کو اپنے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی بقاء کی خاطر میدان میں آنا ہوگا۔ تبدیلی کے دعویدار عمران خان نے ملک کی ٹرین کو غلط سمت پر ڈال رکھا ہے جلد اس کو نہ روکا گیا تو خدانخوانستہ ملک کسی بھی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔


مولانا فضؒ الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے اپنے غیر ملکی آقاؤں کے ایماء سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی تیاری کی، کشمیر کو پس پشت ڈال کر بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفون پر اْن کی خیریت دریافت کی اور مکمل صحتیابی تک آرام کا مشورہ دیا۔ نواز شریف نے کہا سیاست ہوتی رہے گی پہلے اپنی صحت پر توجہ دیں۔ فضل الرحمان کی ناساز طبیعت کے باعث جے یوآئی کی مرکزی شوری کا6 اپریل کو طلب اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

 
Load Next Story