نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے مریم نواز

نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں 14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا ،مریم نواز


ویب ڈیسک April 06, 2021
لاہور ہائی کورٹ نے 4 نومبر 2019 کو مریم نواز کی ضمانت منظور کی تھی فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی درخواست پر اپنے جواب میں کہا ہے کہ نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں انہوں نے نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔

مریم نواز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں 14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا، نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے، عدالت عالیہ نیب کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کرے۔

واضح رہے کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز پر 2 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے،لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 4 نومبر 2019 کو ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

نیب نے گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔

عدالت عالیہ میں سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز کے خلاف انکوائری تفتیش میں بدل چکی ہے، وہ اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، انہیں ضمانت کے بعد تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں۔ انہوں نے پیش ہونے کے بجائے نیب کے دفتر پر پتھراؤ کرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں