وزیراعظم کا انتخابی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا حکم

انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کے استعمال کو روکیں گے، عمران خان

انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کے استعمال کو روکیں گے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔

وزیراعظم سے سینیٹر علی ظفر نے ملاقات کی جس میں مختلف قانونی امور اور انتخابی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے ، انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کے استعمال کو روکیں گے، سینیٹ میں حکومت تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی ، ہماری کوشش ہے کہ سینیٹ میں زیر التوا قانون سازی جلد از جلد مکمل کی جائے۔


علاوہ ازیں انتخابی اصلاحات پر قانون سازی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اہم ملاقات کی جس میں قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت پر بات چیت کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات اور جوڈیشل ریفارمز میں تجاویز دینے کی ضرورت ہے، قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن جماعتوں کی تجاویز اہمیت کی حامل ہیں، ملکی مسائل پر ایوان میں مفصل بحث کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتوں کو قومی اہمیت کے حامل معاملات پر مفصل بحث کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، ملکی مفاد کی خاطر آپس کے اختلاف کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا، عوام کی نظریں پارلیمنٹ پر مرکوز ہیں انتخابی عمل کی شفافیت سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی سطح پر قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو قانون سازی اور انتخابی اصلاحات کے عمل میں کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں قومی اہمیت کے حامل معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
Load Next Story