لاہور کے گھر میں گیس دھماکا 4 کمسن بچے جاں بحق اور 12 افراد زخمی

مکان میں گیس بھرگئی تھی، صبح آگ جلانے کی کوشش کی گئی تو زور دار دھماکا ہوگیا

(فوٹو : فائل)

لاہور کے ایک مکان میں گیس دھماکے سے 4 بچے زندگی کی بازی ہار گئے اور 12 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں ہنستے بستے گھر کی خوشیاں ایک حادثے نے چھین لیں، برکی روڈ پر ایک مکان دھماکے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا۔


اطلاعات ہیں کہ پنگالی گاؤں کے اس مکان میں گیس بھرگئی تھی، صبح کے وقت جیسے ہی گھر میں آگ جلانے کی کوشش کی گئی توزور دار دھماکا ہوگیا۔ حادثے میں چار بچے جاں بحق اور بارہ گھر والے زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں کی عمریں پانچ سے آٹھ سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔

امدادی عملے نے تمام لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، چار افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ باقی زخمیوں کو میو اور سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں ، حتمی بات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکے گی کہ دھماکے کی وجہ کیا تھی۔
Load Next Story